کراچی (نیوز ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی ہے۔ اردوان نے ٹیلیفون کرکے کہا کہ آپکے وزیراعظم بننے کی خبر پر مسرورہوں، آپکی قیادت میں پاک ترک تعلقات مزید مضبوط ہونگے جبکہ نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے ۔ تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلیفون کیا اور وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی،ٹیلیفونک گفتگو میں صدر اردوان کا کہنا تھاکہ آپ کے وزیراعظم منتخب ہونے کی خبر پر بے حد مسرور ہوں، یقین ہے آپ کی قیادت میں پاک ترکی برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلیفون کرنے اور مبارکباد پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکی بااعتماد بھائی ہیں، دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید قربت لانا چاہتے ہیں، شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد کسی بھی غیرملکی سربراہ مملکت کی جانب سے پہلا رابطہ ہے اور انہیں مبارکباد دی گئی ہے۔علاوہ ازیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہنا تھاکہ شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی خواہش ہے کہ بھارت خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے اور اسے دہشت گردی سے پاک خطہ دیکھنا چاہتا ہے تاکہ ہم اپنے ترقیاتی چیلنجز پر توجہ مرکوز کرسکيں اور اپنے لوگوں کی خوشحالی کو یقینی بناسکیں۔