کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف عید کے فوری بعد پاکستان آرہے ہیں، نواز شریف قانون اور عدالتی سزاؤں کا سامنا کریں گے.
پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بعد الیکشن کروانا بہتر ہوگا، عمران خان انوکھا لاڈلا تھا جو کوئی بات ماننے کو تیار نہیں تھا، عمران خان سے توقع نہیں تھی کہ اس طرح کرسی سے چمٹ جائیں گے.
پی ٹی آئی نے استعفے دینے تھے تو شاہ محمود قریشی کو وزیراعظم کا امیدوار کیوں نامزد کیا گیا، پی ٹی آئی نے استعفے دیئے تو ضمنی انتخابات ہوں گے،سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ شہباز شریف کے لئے ڈیڈ لاک ہوگا ڈائیلاگ نہیں ہوگا۔
ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف عید کے فوری بعد پاکستان آرہے ہیں، نواز شریف قانون اور عدالتی سزاؤں کا سامنا کریں گے، نواز شریف پہلے بھی سزا ہونے کے بعد آئے اور جیل گئے تھے اب بھی جیل جائیں گے، ہماری خواہش صرف یہ کہ کوئی لاڈلا نہ ہو نہ کسی پر ظلم ہو، ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ آج کل پاکستان کے ڈاکٹرز صحیح علاج کررہے ہیں اور کوئی وبا نہیں ہے۔ میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ غیرآئینی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹانا سازش نہیں ہوتی۔