اسلام آباد(نمائندہ جنگ) لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5کروڑ روپے فنڈ دینے کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی ۔علی امین گنڈاپور کے خلاف رسلان آفریدی ایڈووکیٹ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے کا فنڈ دینے کا فیصلہ کیا اور صوبائی کابینہ نے فنڈ دینے کی منظوری دی ، دوسرے صوبے کی بار ایسوسی ایشن کو فنڈ دینا رشوت کے زمرے میں آتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے کی امانت میں خیانت کی ہے۔ صوبے کے فنڈ کو دوسرے صوبے میں استعمال ایمرجنسی یا کسی آفت کی صورت میں کیا جا سکتا ہے۔ صوبے کو پہلے ہی معاشی مشکلات کا سامنا ہے، صوبے کے خزانے سے فنڈ باہر استعمال ہورہے ہیں۔