کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے چئیرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک متنبہ رہے بجلی کے بحران پر ایم کیو ایم بڑا فیصلہ کرنے والی ہے کراچی سمیت شہری علاقوں کا 80 فیصد مینڈیٹ ہمارے پاس ہے ایم کیو ایم اپنا اِختیار استعمال کرے گی۔ ہزاروں ارب روپےملکی خزانے میں دینے والے شہر کا نظام باقی ملک سے مُختلف کیوں ہے؟ ڈھائی ہزار ارب دینے کے باوجود پندرہ ارب کے لئے سو ملاقاتیں کرنی پڑتی ہیں،جدید ٹیکنالوجی نے ترقی کی رفتار کو ناصرف بہت تیز کردیا ہے بلکہ نئے جنم لینے والے خطرات سے ہونے والے نقصانات کے اندیشوں کو بھی بڑھا دیا ہے ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنے گھر قوم اور شہر کے فیصلے کرنے ہونگے، اِن خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری اَپوا کالج فار گرلز میں منعقدہ افتتاحی تقریب مرکزِ فضیلت میں بطورِ مہمان خصوصی کیا، خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پینتیس سے پچاس سالوں میں ٹیکنالوجی کا مقام اور حد اتنی بڑھ چکی ہوگی جس کا احاطہ موجودہ مصنوعی ذہانتی ٹیکنالوجی بھی نہیں کرسکے گی، دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی آبادی کو ملکی ترقی کیلئے اثاثہ جات میں تبدیل کیا جارہا ہے۔