• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر علوی کی علالت، چیئرمین سینیٹ نے شہباز شریف سے حلف لیا

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ ) نئے منتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے،صدرعلوی کی علالت کے باعث چیئرمین سینٹ نے شہبازشریف سے حلف لیا،تقریب میں سیاسی وعسکری قیادت کی شرکت،منخرف ارکان کو خصوصی کرسیوں پربٹھایاگیا۔ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں سینٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے نئے منتخب وزیراعظم شہبازشریف سے حلف لیا۔تقریب کا وقت آٹھ بجے مقرر تھا اور مہمانوں کو ساڑھے سات بجے بلایا گیا تھا لیکن تقریب ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوئی کیونکہ بیشتر مہمانوںنے نماز تراویح ادا کرنا تھی ، تقریب حلف برداری میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ، مریم نواز ، حمزاہ شہباز ، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،سینیٹر یوسف رضا گیلانی ، راجہ پرویز اشرف ، سینیٹر شیری رحمان ، خورشید شاہ ، طارق فضل چوہدری ، انجم عقیل ، ملک ابرار ، مریم اورنگزیب، خرم دستگیر ، دانیال عزیز، طلال چوہدری ، اختر مینگل ، علیم خان بھی موجود تھے،شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے، تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد نیازی اور اعلیٰ فوجی اور سول حکام موجود تھے ، شہبا شریف شیروانی پہنے ہوئے تھے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی جو دن میں سرکاری مصروفیات ایوان صدر میں نمٹاتے رہے، انہوں نے میاں شہباز شریف سے حلف نہیں لیا جس پر چیئرمین سینٹ کو حلف کے لیے بلایا گیا ، حلف وفا داری کے بعد تقریب کے شرکا ء نے دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا اور شہباز شریف ، نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے ، بلاول بھٹو زرداری 2013 کے بعد پہلی دفعہ ایوان صدر آئے ، جبکہ جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر مولانا اسعد محمود پہلی مرتبہ ایوان صدر آئے تھے ، شہبا ز شریف نے تقریب کے شرکا ء سے ملاقات کی اور حلف وفاداری تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا، سرکاری ذرائع نے بتایا کہ صدر مملکت عارف علوی علیل ہوگئے ہیں اور ڈاکٹر نے معائنے کے بعد انہیں چند روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی علالت اور مختصر رخصت کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔حلف برداری تقریب کا ایک اہم پہلو یہ تھا کہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان تقریب میں موجود تھے ،جن میں راجہ ریاض ، اون چوہدری اور دیگر شامل ہیں ، انہیں خصوصی مہمانوں کی کرسیوں پر بٹھایا گیا ، ۔ نئے وزیر اعظم کی آمد کا اعلان بگل بجا کر کیا گیا جب شہباز شریف چیئرمین سینٹ کے ہمراہ استقبالیہ ہا ل میں داخل ہوئے تو شرکا ء نے تالیاں بجائیں اور نعرے بازی کی۔

اہم خبریں سے مزید