• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی عدم اعتماد کی تیاریاں

پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے ناراض گروپ کی معاونت سے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی کیخلاف کسی بھی وقت تحریک عدم اعتماد کا منصوبہ ابھی پائپ لائن میں ہی تھا لیکن خلاف توقع پی ٹی آئی حکومت کیخلاف پی ٹی آئی ہی کے 25وزراء /ممبران اسمبلی نے سیکرٹری اسمبلی کو تحریک عدم اعتماد پیش کرکے سرپرائیز دینے میں پی ٹی آئی کشمیر نے پی ٹی آئی پاکستان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ کہتے ہیں سیاست میں دوستی اور دشمنی مستقل نہیں ہوتی۔ پی ٹی آئی کشمیر میں انتخابی سیاست کے دوران ایک دوسرے کی ڈٹ کر مخالفت کرنے والے دو گروپ، عدم اعتماد کے اس مرحلہ پر یک جان و دو قالب نظر آتے ہیں۔ 

تاہم PTIمیں سردار عبدالقیوم خان نیازی کے چاہنے والے سمجھتے ہیں کہ ایک مخلص اور دروویش صفت وزیراعظم کو ہٹانے سے جماعت کو ناقابل تلافی نقصان نہ پہنچ سکتا ہے۔ وہاں آزاد کشمیر کے موسٹ سینئر وزیر و صدر PTI کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے متوقع طور پر نئے وزیراعظم منتخب ہونے کے حوالے سے آزاد کشمیر کی ایک خاموش اکثریت ان کے لئے دعاگو اور خوش نظر آتی ہے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 53ممبران اسمبلی میں سے PTIکے32، PPPکے 12، PMLNکے 7، مسلم کانفرنس 1اور JKPPکے پاس ایک نشست ہے۔ 

حکمران جماعت کے پاس MC اور JKPP کی دو نشستوں کی ہمائیت سے 34 ممبران اسمبلی ہیں جبکہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے 27ممبران کی ہمائیت درکار ہے۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں PTIکی حکومت کیخلاف PTIکی جانب سے پیش کی جانیوالی تحریک عدم اعتماد کو سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی ہمائیت و تائید حاصل ہے۔ حکومت کو عدم اعتماد سے آئینی تحفظ کے باعث 6ماہ کی توسیع یقینی طور پر مل جائے گی۔ لیکن 6ماہ بعد وزارت عظمیٰ کی تبدیلی کا یہ سلسلہ تھمتا ہوا نظر نہیں آتا۔

اس سلسلہ میں اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق نے 15اپریل بروز جمعہ اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے قابل فخر عظیم سپوت لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان اور انکے ہمراہ ”نیٹو مشن کانگو“ میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے آفیسران و نوجوانوں کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کی گئی جسمیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی، سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی موجود تھے۔ 

شہید لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان کی اس کے بعد مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی کا کہنا تھا کہ دفاع وطن اور عالمی امن کے قیام کیلئے مسلح افواج پاکستان کا لازوال کردار سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔ چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے شہید لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اس سمیت دیگر شہید ہونیوالے مسلح افواج پاکستان کے آفیسران و نوجوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ 

صدر PPPآزاد کشمیر و ممبر اسمبلی چوہدری محمد یاسین کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے کیس میں عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر کارکنان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر بھر میں مظاہرے کیے اور ضمانت پر رہائی کی خوشی میں جشن منایا۔ آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں 7جنوری 2022 کو تعینات ہونیوالے 6ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن مختلف گراؤنڈز پر ہائی کورٹ میں پٹیشنر میر الطاف ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے بذریعہ کونسل فیاض احمد جنجوعہ ایڈووکیٹ، ہائی کورٹ میں پٹیشن کے ذریعے چیلنج کر دیا ہے۔ پٹشنر نے آزاد حکومت، کشمیر کونسل اور دیگر ضروری متعلقین کو فریق بنایا ہے۔ رٹ پٹیشن 16اپریل 2022 کو چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ کے روبرو پیش ہوگی۔ جسمیں رٹ کو سماعت کیلئے منظور کرنے یانہ کرنے بارے فیصلہ ہوگا۔اسوقت آزاد کشمیر کے ڈاکخانہ جات کے اکاؤنٹ ہولڈرز کی ”مراکز قومی بچت“ میں منتقلی ایک برننگ ایشو بن چکا ہے۔ 

صرف میرپور ڈویژن کے پونے دو لاکھ سے زائد اکاؤنٹ ہولڈرز کے تقریباً 700ارب روپے پھنس کر رہ گئے ہیں۔ تین اضلاع کیلئے صرف ایک مرکز قومی بچت کی شاخ مختص ہونے کی وجہ سے دور دراز سے آنیوالے صارفین اپنی ہی رقوم کے حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ ٹوکن اور رقم کے حصول کیلئے رشوت لینے کے چرچے زبان زد عام ہیں۔ ایک محتاط اندازے کیمطابق جس سست روی سے رقوم ریلیز ہو رہی ہیں آخری صارف کو 29سال بعد ادائیگی ممکن ہو پائے گی۔ 

صدر ریاست کے ایڈوائیزر برائے اوورسیز چوہدری دلپذیر اور صدر ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن میرپور امتیاز حسین راجہ ایڈووکیٹ کا جنگ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان، وزیراعظم ازاد کشمیر، اسٹیٹ بینک اور ہیڈ آفس مرکز قومی بچت اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے لاکھوں لوگوں میں پائی جانیوالی تشویش کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں تاکہ صارفین مرکز قومی بچت کو ریلیف مل سکے۔

آزاد کشمیر میں ماہ رمضان کا آغاز ہوتے ہی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے۔ روزمرہ کی اشیاء خوردونوش میں غیر معمولی اضافے نے ایک عام آدمی کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ چند شہروں کے علاوہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں بالکل ناکام ہو کر رہ گئی ہیں۔ عوامی شکایات کا وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد عبدالقیوم خان نیازی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو ہدائیت کی ہے کہ حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے عوام کیلئے دئیے گئے تاریخی رمضان پیکج پر سو فیصد عملدرآمد کیلئے جملہ اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پابند کیا جائے ۔

تجزیے اور تبصرے سے مزید
سیاست سے مزید