اسلام آباد (نمائندہ جنگ)صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے ا نئی حکومت میں وزارتیں نہ لینے کا اشارہ دیدیا،انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو وزیر خارجہ نہیں بلکہ ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرا تو یہ خیال ہے کہ پیپلز پارٹی ابھی کابینہ میں شامل نہیں ہورہی وزارت نہیں لے گی۔ ہفتے کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقعہ پر پارلیمنٹ ہائوس کی راہداری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس سوال کے جواب میں کہ نئی حکومت میں وزارتیں نہ لینے کی وجہ کیا ایک مشکل صورتحال میں جب ملک میں مہنگائی اور سیاسی عدم استحکام کا آپ تمام بوجھ وزیراعظم شہباز شریف کے کاندھوں پر تو نہیں ڈالنا چاہتے۔ آصف زرداری نے جواب دیا کہ نہیں ایسی کوئی بات نہیں بلکہ ہم یہ چاہ رہے ہیں کہ دوستوں کو موقع دیا جائے۔ آصف زرداری کی جانب سے یہ غیر متوقع موقف ایک ایسے موقعہ پر سامنے آیا جب بلاول بھٹو کے وزیر خارجہ بنائے جانے اور کابینہ میں بعض وزارتوں کے حصول اور وزراء کی تعداد کے حوالے سے بھی اتحادی جماعتوں پر مشتمل حکومت کے درمیان اختلاف رائے سامنے آیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اس حوالے سے مسلسل مشاورت میں مصروف ہیں۔