اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں)وفاقی کابینہ کی تشکیل مکمل ‘صدر مملکت عارف علوی کا ارکان سے حلف لینے سےانکار ‘چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو آگاہ کردیا‘.
ذرائع کے مطابق 36رکنی وفاقی کابینہ آج منگل کو دن 11بجے حلف اٹھائے گی‘اطلاعات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ جے یو آئی کے زاہد اکرم درانی کو دینے پر اتفاق ہوا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہےکہ وفاقی کابینہ 36 رکنی ہوگی جس میں پیپلزپارٹی کے 11، ن لیگ کے 14 اور جے یو آئی کے 4 وزرا شامل ہوں گے۔
خورشید شاہ کا کہنا ہےکہ7وزارتیں دیگر اتحادیوں کو دی جائیں گی‘باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نےبھی وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے ‘.
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کر کے انہیں کابینہ میں شامل ہونے پر رضامند کر لیا ہے‘.
دوسری جانب بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا ہےکہ ابھی وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
ادھر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ وفاقی کابینہ کو حتمی شکل دی جاچکی ہے‘ کچھ دیر میں کابینہ کے ناموں کا اعلان کروں گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کسی پارٹی کا کوئی ایشو نہیں بنا ہوا، سب قیاس آرائیاں ہیں، پوری کابینہ کا ایک ساتھ اعلان کرنا چاہتے تھے‘ اس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہوگی۔
ادھر صدر مملکت عارف علوی نے وفاقی کابینہ سے حلف لینے سے معذرت کرلی ہے جس کے بعد ایوان صدر میں پیرکو ہونے والی وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ملتوی ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق صدرعلوی کی جانب سے معذرت کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی آج وفاقی کابینہ کے ارکان سے حلف لیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے وفاقی حکومت کا حصہ بننے سے معذرت کرلی۔اے این پی کے سربراہ اسفند یارولی کا کہنا تھاکہ عوامی نیشنل پارٹی کی ترجیحات حکومت نہیں بلکہ عوام ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پی پی اور ن لیگ کے مشکور ہیں کہ حکومت کا حصہ بننے کیلئے مدعو کیا، مشکلات کو مدنظر رکھ کرتجویز دی ہے کہ باقی اتحادیوں کو کابینہ میں جگہ دیں۔
اطلاعات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ جے یو آئی کے زاہد اکرم درانی کو دینے پر اتفاق ہوا ہے، خواجہ آصف کے مطابق ن لیگ سے اعظم نذیر وزیر قانون، احسن اقبال وزیر منصوبہ بندی، ایاز صادق وزارت اقتصادی امور، شاہد خا قان پاور اینڈ پٹرولیم کی وزارت سنبھالیں گے ۔
پیپلز پارٹی کے 11 ارکان کو کابینہ میں شامل کیا جارہا ہے، بلاول بھٹو وزیر خارجہ، حنا ربانی وزیر مملکت خارجہ امور، سید خورشید شاہ آبی وسائل، سید نوید قمر تجارت، شیری رحمان کو وزارت موسمیاتی تبدیلی، عبدالقادر پٹیل کو زارت بحری امور ، شازیہ مری کو چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بنائے جانے کا امکان ہے۔
جے یو آئی ف کی جانب سے مولانا اسعد محمود وزارت مواصلات، مولانا عبدلواسع کو وزارت مذہبی امور، سینیٹر طلحہ محمود کو سیفران ملے گی۔