کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری صدر بنتے ہیں تو پاکستان کیلئے بہت زیادہ خوش آئند ہے، ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اصلاحات کے عمل کا حصہ بنانا چاہتے ہیں،جے یو آئی ف کے رہنما کامران مرتضیٰ نے کہا کہ جے یو آئی ف کو حکومت میں کسی بڑے عہدے کی خواہش نہیں ہے۔سندھ کے صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کابینہ کے معاملہ میں کوئی ایسا معاملہ نہیں جس پر نواز شریف کے ساتھ بات ہو ، پیپلز پارٹی سب سے پہلے اتحادیوں کو اکاموڈیٹ کرنا چاہتی ہے، اسی لیے چیئرمین بلاول بھٹو کا حلف بعد میں ہوگا، اتحادی حکومت میں تناؤ کی کوئی صورتحال نہیں ہے، پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کی وجہ سے حکومتی اتحادی ساتھ اکٹھے ہوئے، اختر مینگل وزارتوں سے پہلے بلوچستان کے مسائل کا حل چاہتے ہیں، سب چاہتے تھے الیکشن جلدی ہوں مگر الیکشن کمیشن نے وقت مانگ لیا ہے۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری لندن میں شاید نواز شریف سے ملیں مجھے علم نہیں ہے، تحریک عدم اعتماد میں پیپلز پارٹی کا مرکزی کردار رہا ہے، صد ر پاکستان، چیئرمین سینیٹ اور گورنر پنجاب کے عہدے پیپلز پارٹی کو ملیں تو اچھی بات ہے، آصف زرداری صدر بنتے ہیں تو پاکستان کیلئے بہت زیادہ خوش آئند ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ قادر پٹیل بہت باصلاحیت، پڑھے لکھے اور سینئر پارلیمنٹرین ہیں ، قادر پٹیل کی وزیرصحت تقرری پر کس لیے اعتراض کیا جارہا ہے، وزیر صحت ہونے کیلئے ڈاکٹر ہونا ضروری نہیں ہے، آج کل کچھ لوگ اداروں کو متنازع بنارہے ہیں، عدالتیں عمران خان کو آئین اور عدالتی احکامات کی عزت سکھانے کیلئے رات گئے کھلی تھیں۔