پشاور(اے پی پی)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے کہا ہے کہ پراؤنشل ہاؤسنگ اتھارٹی ضلع چارسدہ میں میگا سٹی کے تعمیر کیلئے امور استوار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ کل 9ہزار 504پلاٹس اور 8ہزار 160 کنال اراضی پر مشتمل ہے، جس کو نجی کمپنی کے اشتراک اور فیسلیٹیشن موڈ کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ صرف پہلے مرحلے کی تکمیل سے صوبائی حکومت کو 4 ارب روپے کا منافع ہوگا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے گزشتہ روز پی ایچ اے اور نجی تعمیراتی کمپنی پارٹنر لیف انتظامیہ کی طرف سے ضلع چارسدہ میں میگا سٹی تعمیر منصوبہ سے متعلق بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ اور ڈائریکٹر جنرل پراؤنشل ہاؤسنگ اتھارٹی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو منصوبہ سے متعلق اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت نجی کمپنیز و فرمز مالکان بھی خیبرپختونخوا کا رُخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہاؤسنگ کے شروع کردہ منصوبوں کا مقصد کم آمدنی و متوسط طبقے کیلئے بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ڈاکٹر امجدعلی کا مزید کہنا تھا کہ مناسب رہائشی منصوبوں کی بدولت نہ صرف شہروں میں بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ یہ دیہی ترقی اور بڑی تعداد میں روزگار پیدا کرنے کا بھی ذریعہ بنتے ہیں۔