لاہور (نمائندہ جنگ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں جن کو پھانسی اورعمر قید ہونی چاہئے تھی وہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ بنے بیٹھے ہیں۔ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے ریفرنس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ منحرف ارکان کی نہ تو کوئی قانونی حیثیت ہے اور نہ ہی عوام میں عزت۔ منحرف ارکان کے خلاف جلد فیصلہ سے سیاست میں مفاد پرستی اور لوٹا کریسی کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان اور تحریک منہاج القرآن کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز پرویز الٰہی کوٹیلیفون کیا اور انکی خیریت دریافت کی۔