• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت خارجہ بلاول کے پاس ہوگی تو وہاں انکی مرضی چلے گی، رانا ثناء

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ طارق فاطمی کا معاملہ کچھ اور ہے، وزارت خارجہ بلاول بھٹو کے پاس ہوگی تو وہاں ان کی مرضی چلے گی ،بلاول کی مرضی ہوگی کسے رکھنا چاہے کسے نہ رکھنا چاہے،عمران خان کا بیرونی سازش کا بیانیہ دو چار جلسوں سے زیادہ نہیں چل سکتا،اگر یہ لوگوں کو اکسائیں گے تو کیا یہ ہمارے لوگوں کے ہتھے نہیں چڑھیں گے؟، میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سازش تھی یا اسٹیبلشمنٹ کی ناراضی، تحریک انصاف متضاد بیانیہ لے کر عوام میں جارہی ہے، سابق وزیراعظم عمران خان امریکی سازش کا بیانیہ بنارہے ہیں، مگر اس بیانیہ کو سب سے بڑا دھچکا خود تحریک انصاف کے فواد چوہدری نے پہنچادیا ہے، فواد چوہدری کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب نہ ہوتے تو آج حکومت میں ہوتے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جب یہ حلقوں میں الیکشن کیلئے جائیں گے تو لوگ جوتے ماریں گے،لوگ ان سے پوچھیں گے کہ کیسے چار سال میں ملک کا بیڑا غرق کیا، چار سال انہوں نے آٹا، چینی، ادویات ، پٹرول چوری کیا، 2018ء میں یہ کہتے تھے کہ ہم 46روپے لیٹر پٹرول دیں گے اور مہنگائی ختم کریں گے، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر بنائیں گے، اب کیا کہیں گے کہ ان کے خلاف ایک خط آیا ہے اور امریکا سازش کررہا ہے، عمران خان اپنے فین کلب کے سامنے ہی تماشا کرسکتے ہیں جب حلقوں میں آئیں گے انہیں پتا چل جائے گا، جو انہوں نے ملک کے ساتھ کیا اس کا حساب دینا پڑے گا،عمران خان کا بیانیہ ٹوئٹر، ٹرینڈ اور پوسٹوں پر ہی چل سکتا ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ صرف گالیاں نکال رہے ہیں، سابق وزیرداخلہ نے اپنے دور میں کیا کام کیا ہے، یہ دن میں دو پریس کانفرنسوں کا وزیرداخلہ تھا، یہ جھوٹ بکواس کر کے لوگوں کو تشدد پر اکسارہے ہیں، لوگوں کو اکسانے، گالیاں اور جھوٹ بولنے کے سوا انہوں کیا کیا؟،اگر یہ لوگوں کو اکسائیں گے تو کیا یہ ہمارے لوگوں کے ہتھے نہیں چڑھیں گے؟، یہ جو حرکتیں کررہے ہیں اس کا انہیں نتیجہ بھگتنا پڑے گا، ان کے ساتھ تازہ تازہ ہوئی ہے شاید مہینے ڈیڑھ مہینے میں ان کو عقل آجائے، اگر ان کو نہیں سمجھ آئی تو پھر انہیں سمجھائیں گے ، ان کو عقل دلائیں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کے بعد کوئی ذی شعور شخص نہیں کہہ سکتا کہ امریکا نے عمران خان کیخلاف سازش کی ہے،عمران خان کا بیرونی سازش کا بیانیہ دو چار جلسوں سے زیادہ نہیں چل سکتا، پراپیگنڈہ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ میں طاقت ہوتی تو یہ حکومت چلالیتے، عمران خان نے جھوٹ بول کر پراپیگنڈہ کے ذریعہ سوشل میڈیا پر حکومت چلانے کی کوشش کی، عمران خان اس بیانیہ کے ساتھ الیکشن نہیں جیت سکتے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 2011ء سے 2013ء میں بڑے بڑے جلسے کیے لیکن پنجاب میں صرف سات سیٹیں ملیں، 2018ء میں ہمارے لوگوں کو پکڑ پکڑ کر پارٹی تبدیل کروائی گئی، 2018ء میں اسٹیبلشمنٹ نے ایک ایک حلقہ میں انہیں سپورٹ کیا، اس کے باوجود یہ پنجاب میں 2018ء کا الیکشن ہار گئے، عمران خا ن نے دفتر سے گھر آنے کیلئے ایک ارب روپے خرچ کیے، انہوں نے بیت المال کو ہی لوٹ لیا، جب اس اعمال نامے سے حلقوں میں آئے گا تو پورا حساب دینا پڑے گا۔
اہم خبریں سے مزید