• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کا فیصلہ، سسٹم نصب کردیا گیا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کیلئے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے چیف جسٹس کی عدالت میں سسٹم نصب کر دیا ہے.

 بتایا جاتاہے کہ ٹرائل کے طور پرعدالتی کارروائی کو ایک ماہ کیلئے محدود پیمانے پر براہ راست دکھایا جائیگا، ٹرائل لائیو اسٹریمنگ تک رسائی فی الحال صحافیوں ، بارز ، ججز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ہو گی جو اس پر اپنی رائے دینگے.

 اس دوران اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن بھی معاونت کریگی اور چیف جسٹس کو اپنی تجاویز دیگی، ٹرائل کے دوران کورٹ رپورٹرز کی تجاویز کو دیکھ کر اصول و ضوابط طے کئے جائینگے، ٹرائل کی کامیابی کے بعد ویب سائٹ پر کوئی بھی لائیو عدالتی کارروائی دیکھ سکے گا، انچارج آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ عمر رشید ڈار کی جانب سے لائیو اسٹریمنگ سسٹم نصب کر دیا گیا ہے۔

 تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد حسین چوہدری نے مقدمات کی کارروائی براہ راست دکھانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہےکہ ایف آئی اے کورٹ لاہور بھی اسکی تقلید کرے، گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ درست ہے.

 ایف آئی اے کورٹ لاہور بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کی تقلید کرے اور شہباز شریف کے منی لانڈرنگ کیس کو براہ راست دکھایا جائے، انکی ضمانت کی تاریخ آنے والی ہے اس پر ہی اس فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔

اہم خبریں سے مزید