کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سفارتی مراسلہ میں تحریک عدم اعتماد یاپاکستانی سیاست کا ذکر نہیں ہے، اسد مجید نے واضح کیا کہ مراسلہ میں کسی بیرونی سازش کا ذکر نہیں تھا، عمران خان اپنی جھوٹی کہانیاں سنانے کیلئے جوڈیشل کمیشن چاہتے ہیں، جیوڈیشل کمیشن کا سربراہ معزز جج ہوگا، عمران خان اسلام آباد آتے ہیں تو میری وہی حکمت عملی ہوگی جو شیخ رشید نے بنائی تھی کہ اسلام آباد آنے والوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے گا۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس اور سینئر تجزیہ کار و اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ بھی شریک تھے۔احمد اویس نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے حکمنامہ میں وہی دہرایا جو آئین کے آرٹیکل 104میں لکھا ہوا ہے،گورنر پنجاب کہتے ہیں وہ آئین کے مطابق کسی ایسے شخص سے حلف نہیں لے سکتے جو غلط الیکشن کے نتیجے میں آیا ہو،وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں آئین و قانون کے مطابق ریکوائرمنٹس پوری نہیں ہوسکی ہیں۔شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ عمران خان جب کہتے ہیں کہ غلطی ہوگئی ہے اسے درست کردو تو ان کا اشارہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف ہے، نومبر قریب آنے کے ساتھ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کیخلاف اپنا بیانیہ بڑھاتے جائیں گے، عمران خان کابیانیہ موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق ہوگا،حکومت کے پاس عمران خان کی بات ماننے کی کوئی صورت نہیں ہے،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نےکہا کہ سفارتی مراسلہ میں کہیں کسی سازش کا ذکر نہیں ہے، مراسلہ بھیجنے والے سفیر اسد مجید آج قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں موجود تھے، اسد مجید نے واضح کیا کہ انہوں نے مراسلہ میں جو لکھا اس میں کسی بیرونی سازش کا ذکر نہیں تھا، سفارتکاروں کی اس قسم کی گفتگو ہوتی رہتی ہے جس سے ہم دفتر خارجہ کو آگاہ کرتے رہتے ہیں، عمران خان جھوٹی باتیں کررہے ہیں ان کا مراسلہ میں کوئی ذکر نہیں ہے، مراسلہ میں کہیں نہیں کہا گیا کہ گفتگو میں عمران خان کی حکومت گرانے کا کہا گیا ہو، عمران خان نے سیاست میں گالی گلوچ اور تقسیم کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے، اسد مجید تسلیم کرتے ہیں کہ امریکی انڈر سیکرٹری نے گفتگو میں سخت زبان استعمال کی، ماضی میں اس سے بھی سخت زبان استعمال ہوتی رہی ہے، عمران خان کو کوئی شرم نہیں ہے جھوٹ پر جھوٹ بولے جاتا ہے، اسد مجید کا موقف تحریری ہے وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی جھوٹی کہانیاں سنانے کیلئے جیوڈیشل کمیشن چاہتے ہیں، جیوڈیشل کمیشن کا سربراہ یقیناً ایک معزز جج ہوگا جسے یہ فیصلے کے بعد گالیاں دیں گے، عمران خان اسلام آباد آتے ہیں تو بطور وزیرداخلہ میری وہی حکمت عملی ہوگی جو شیخ رشید نے مرتب کر کے عمران خان سے لی تھی کہ اسلام آباد آنے والوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے گا۔سینئر تجزیہ کار و اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ سفارتی مراسلہ میں تحریک عدم اعتماد کا ذکر ہی نہیں ہے تو پچھلے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بعد ڈیمارش کس بنیاد پر کیا گیا تھا، عمران خان کا قومی سلامتی کمیٹی کو لے کر جو بیانیہ تھا وہ جھوٹ ثابت ہوگیا ہے۔