مانچسٹر(نمائندہ جنگ) پریس کلب آف پاکستان یوکے کے سالانہ اجلاس میں چوہدری پرویز مسیح مٹو کو صدر ،سلیم گل کو نائب صدر ، غلام رسول شہزاد کو جنرل سیکرٹری اور محبوب الٰہی بٹ کو خزانچی منتخب کر لیا گیا ہے،تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوئے جبکہ پانچ کمیٹیوں کے چیئرمین بھی منتخب ہوئے۔اجلاس کی کارروائی چیف الیکشن کمشنر نصر اللہ خان مغل کی صدارت میں شروع ہوئی جس میں گذشتہ سال کی رپورٹس پیش کی گئیں۔ ارکان نے ان رپورٹوں کو درست ریکارڈ کے طور پر منظور کر لیا جس کے بعد سابق صدر کونسلر مقدسہ بانو نے اپنے الوداعی خطاب میں ارکان کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ وہ کونسلر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کرنے کےلئے آج اس ذمہ داری سے دستبردار ہورہی ہیں لیکن پریس کلب آف پاکستان یوکے کے ساتھ ان کی روحانی وابستگی کبھی کم نہیں ہو سکتی - انہوں نے اپنے جذباتی خطاب میں واضح کیا کہ پریس کلب کے ارکان نے دو دفعہ صدر منتخب کر کے انہیں جو عزت دی وہ اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتیں ۔ میں نے پوری کوشش کی کہ پریس کلب کو دستیاب وسائل میں بہتر سے بہتر کی طرف لے کر جائیں اور آج پریس کلب کی لندن میں بھی ایک برانچ قائم ہے جبکہ دیگر شہروں میں بھی برانچیں قائم کرنے کا کام ہو رہا ہے۔ میں نے کورونا کے باوجود پریس کلب کو متحرک رکھنے کےلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا استعمال کیا اورزوم پر ماہانہ اجلاسوں کی بجائے پندرہ روز اجلاس منعقد کروائے۔ میں اس معاملے میں نصر اللہ خان مغل کی مشکور ہوں کہ جن کی مدد کے بغیر ہم یہ ٹاسک مکمل نہ کرسکتے تھے۔ میں آئندہ بھی پریس کلب کے تمام امور میں حصہ لوں گی۔ انہوں نے آئندہ صدارت کےلئے چوہدری پرویز مسیح مٹو کا نام پیش کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ چوہدری پرویز مسیح مٹو ایک باصلاحیت انسان ہیں اور پریس کلب کے امور میں کسی بھی دوسرے رکن سے زیادہ دلچسپی لیتے ہیں- تاہم ارکان نے اس کے بعد چوہدری پرویز مسیح مٹو کو بلامقابلہ صدر منتخب کر لیا - بعدازاں جنرل سیکرٹری، نائب صدر اور خزانچی کا انتخاب بھی بلامقابلہ ہو گیا - اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر چوہدری پرویز مسیح مٹو نے اپنے بلامقابلہ انتخاب پر ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ انہیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ اسے اپنے لئے ایک اعزاز سے زیادہ ایک فر ض سمجھیں گے - انہوں نے سابقہ صدر کونسلر مقدسہ بانو کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک عورت ہو کر مردوں سے زیادہ پریس کلب کو نمایاں کیا اور گھریلو ذمہ داریوں کے ہوتے ہوئے بھی جانفشانی اورمحنت سے پریس کلب کے کام کو آگے لے کر چلیں - خاص طور پر انہوں نے کونسلر منتخب ہو نے کے فوری بعد جاری کردہ بیان میں پریس کلب کے ارکان کے بارے میں جو ریمارکس دئیے اس سے ہم سب کے سر فخر سے بلند ہو گئے- انہوں نے کہا کہ نصر اللہ خان مغل اورغلام رسول شہزاد پریس کلب آف پاکستان یوکے کے دماغ ہیں۔پریس کلب کو اعلیٰ معیار تک لانے میں ان دونوں شخصیات کے مشکور ہیں اور آئندہ بھی ان سے اکتساب فیض کریں گے - اجلاس میں بورڈ کے دیگر پانچ افراد کو مختلف کمیٹیوں کی ذمہ داریاں دی گئیں جن میں فنانس کمیٹی کے چیئرمین محبوب الٰہی بٹ ، مارکیٹنگ کمیٹی کے لئے چیئرمین حمیرا ثناء،پراجیکٹس کمیٹی کے لئے چیئرمین نعیم واعظ ، ایونٹس کمیٹی کے لئے چیئرمین سہیل حیدر سہوترا اورپرسونل کمیٹی کی چئیرپرسن کونسلر مقدسہ بانو کو چنا گیا- اس موقع پر تین مشیر بھی مقرر کئے گئے جن میں نصراللہ خان مغل،شفیق الزمان اور سلامت بریعہ زندانی شامل ہیں -