• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی بحران، شارٹ فال 7468 میگاواٹ، شدید لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار عمران حکومت، بروقت ایندھن خریدا نہ پاور پلانٹس مرمت کئے، شہباز شریف

اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) ملک میں بجلی بحران سنگین ہوگیا ہے اور شارٹ فال 7468 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے .

 بجلی کی مجموعی پیداوار 18ہزار ، طلب 25ہزار 500 میگاواٹ، نندی پور پاور پلانٹ ، مظفر گڑھ، جامشورو سمیت متعدد پلانٹس بند ہیں ،پن بجلی ذرائع سے 3ہزار ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 786 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے۔ پاور ڈویژن کاکہنا ہے کہ ملک بھر میں 10، دیہی علاقوں میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ شدید لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار عمران حکومت ہے ، بروقت ایندھن خریدا نہ پاور پلانٹس مرمت کئے، عوام پر ماہانہ 100؍ ارب کا اضافی بوجھ پڑ رہا ہے ، ہم اس صورتحال سے نمٹ رہے ہیں، نوازشریف کی حکومت نے 5سال میں بدترین لوڈ شیڈنگ ختم کردی تھی۔

 ادھر تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر ایندھن کی قلت ن لیگ کے دو کنٹریکٹس ڈیفالٹ ہونے کی وجہ سے ہوئی، سسٹم کی دو ہفتوں میں فوری گیس پر منتقلی نہیں کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں توانائی بحران مزید سنگین ، شارٹ فال ایک بار پھر 7ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا،حکومت بند پاور پلانٹس چلانے میں ناکام،شہری علاقوں میں 10اوردیہی علاقوں میں 18گھنٹے لوڈشیڈنگ ہونگے لگی .

عوام کوشدیدمشکلات کاسامنا،پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق بجلی گھروں کو ایل این جی اور فرنس آئل کی مطلوبہ فراہمی تاحال نہیں ہوسکی، اور تکنیکی وجوہات کی بنا پر بند پاور پلانٹس بھی بدستور بجلی پیدا، نہیں کر پا رہے.

حکومت ابھی تک نندی پور پاور پلانٹ، مظفرگڑھ اٹلس ٹی پی ایس جامشورو اور متعدد بند پاور پلانٹس کھولنے میں ناکام ہے، ملک میں بجلی کاشارٹ فال 7 ہزار468 میگاواٹ تک پہنچ گیاہے.

 ملک میں بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 36 ہزار 16 میگا واٹ ہے تاہم سسٹم کو کار آمد بنانے میں ناکامی کی وجہ سے مجموعی پیداوار 18 ہزار 31 اور طلب 25 ہزار500 میگاواٹ ہے.

ذرائع پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ پن بجلی ذرائع سے 3ہزار 674میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس صرف 786 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 9 ہزار 526 میگاواٹ ہے.

اسی طرح ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس 487میگاواٹ،سولر پاور پلانٹس سے 104 میگاواٹ، بگاس سے 141 اور ایٹمی بجلی گھر 3 ہزار 312 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی سے 100 ارب روپے ماہانہ کا بوجھ ڈالا گیا ،ناکارہ پاور پلانٹس کے ذریعے مہنگی بجلی پیدا کرنے سے عوام کو ہر مہینے اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑا نواز شریف نے اپنے 5 سالہ دور حکومت میں ملک سے بدترین لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا تھا، اب بھی لوڈشیڈنگ کے معاملے کو درست کر رہے ہیں۔

اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے نہ تو بروقت ایندھن خریدا اور نہ ہی پاور پلانٹس کی مرمت کروائی،موجودہ لوڈ شیڈنگ کی ذمہ دار عمران خان کی حکومت ہے۔

اہم خبریں سے مزید