• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداروں کو ٹائیگر فورس بنانے کی عمران کی سازش ناکام ہوگئی، بلاول

کراچی (نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملکی اداروں کو ٹائیگر فورس میں بدلنے کی عمران خان کی سازش ناکام ہوگئی۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ تنقید اور الزام تراشی سے اداروں کو دباؤ میںلانے کے حربے ناکام ہوچکے ۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آج ادارے آئینی کردار ادا کررہے ہیں تو عمران اور حواری گالیوں پر کیوں اتر آئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملکی اداروں کو ٹائیگر فورس میں بدلنے کی خان صاحب کی سازش ناکام ہوگئی۔ جھوٹ اور منافرت کی سیاست کرنے والے عمران خان اور اس کے ساتھی سازشیوں نے ملکی آئین پامال کیا، صدر پاکستان کی کرسی پر بیٹھا فرد بھی اس سازش میں ملوث ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ آئین توڑا جائے اور اس کی کوئی سزا نہ ہو۔ بلاول نے مزید کہا کہ عمران کی ساری مہم ’مجھے کیوں نہیں بچایا‘ پر مبنی ہے۔ انہوں نے جامعہ کراچی میں دھماکے کو بلوچ نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکا قرار دیا اور کہاکہ وہ جانتے ہیں کہ بلوچ نوجوانوں کے مسائل ہیں اور وہ ناراض ہیں لیکن بلوچ نوجوان پرامن طریقہ اختیار کر کے بھی اپنے حقوق حاصل کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ٹوئٹر پر لکھا کہ تحریک انصاف کی قیادت الیکشن کمیشن عدلیہ او ر میڈیا سمیت تمام اداروں کو تنقید اور الزام تراشی سے دبائو میں لانے کا ہر مذموم حربہ استعمال کررہی ہے ،یہ حربے ناکام ہوچکے ،اب اداروں کو بھی حقیقی طور پر آزادی کے ساتھ اپنی متعین حدود کے اندر مضبوط فیصلے دینے ہونگے ،فارن فنڈنگ کیس اس سلسلے کا پہلا ٹیسٹ کیس ہوگا۔ ادھر وفاقی وزیر دفاع نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کی غیر آئینی مداخلت کا گلہ رہا اس طرح عدلیہ سے آئین کا تحفظ نہ کرنے کی بھی شکایت رہی ، موجودہ صورتحال میں خدانخواستہ مارشل لاء لگ جاتا تو روایات کے عین مطابق تھا ، آج اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ اپنا آئینی کردار ادا کررہے ہیں تو عمران اور حواری گولیوں پر کیوں اتر آئے۔

اہم خبریں سے مزید