• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری میں غیر قانونی تعمیرات، ملوث اہلکاروں کے کیس انٹی کرپشن کو بھجوانے کا فیصلہ

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)مری میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث سرکار ی اہلکاروں کے کیس محکمہ انٹی کرپشن کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہےجبکہ مری کے حسن کو تباہ ہونے سے بچانے کیلئے اس کی ماسٹر پلاننگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ماسٹر پلاننگ تک ہر قسم کی تعمیرات پر پابندی لگانے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ یہ فیصلے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق کی زیر صدارت اجلاس میں کئے گئے جس میں ضلع کونسل کے سی او کامران خان،اسسٹنٹ کمشنر مری وقاص صفدر سکندری، سی او مری ساجد ،ایم او پی رضا الہی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کونسل راولپنڈی کنسلٹنٹ کمپنی ہائر کرکے مری کا ماسٹر پلان تیار کرائے گیجس کے تحت مری کی ایریا زوننگ،سوریج،پانی، گرین ایریاز،کمرشل ایریاز اور دیگر امور کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ باخبر ذرائع کے مطابق ماسٹر پلان تیار ہونے تک درختوں،پہاڑوں کی کٹائی ، زمین کی کھدائی اور کھلے عام بلڈنگ میٹریل پھینکنے پر پابندی لگادی گئی ہے۔مختلف راستوں کے جنکشن پر قائم کھوکھے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں سی پی او راولپنڈی سے کہا گیا ہے کہ وہ پولیس کی ایک مکمل ریزرو مستقل مری میں تعینات کریں۔ماسٹر پلاننگ کیلئے مدت چار سے چھ ماہ رکھی گئی ہےجس کے لئے مالی وسائل بھی ضلع کونسل فراہم کرے گی۔
اسلام آباد سے مزید