• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کیلئے خانہ کعبہ کے دروازے کھل گئے، ولی عہد سے ملاقات

مکہ مکرمہ (خبر ایجنسیاں، جنگ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کیلئے خانہ کعبہ کے دروازے کھل گئے، وزیر اعظم نے خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کئے ، حجر اسود کو بوسہ دیا۔

پاکستان ، عالم اسلام کی سلامتی ، ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میںدونوں رہنماؤں کے درمیان جدہ میں وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران تجارتی اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور پاکستانی افرادی قوت کے لئے مواقع پیدا کرنے کے معاملات زیر بحث آئے،وزیر اعظم نے سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو نئی بلندیوںتک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کیلئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا اور انہوں نے پروٹوکول کی نگرانی میں خانہ کعبہ کے اندرنوافل اداکیے،وزیراعظم شہباز شریف نے زیارتِ خاص کے بعد حجرِ اسود کو بوسہ دیا اور طوافِ کعبہ بھی کیا۔

وزیرِ اعظم نے سعیِ صفہ و مروہ کی ادائیگی کے ساتھ ہی عمرہ کی تکمیل کے بعد ملک و قوم اور مسلم اْمہ کی سلامتی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں کیں،اس دوران زائرین کی بڑی تعداد نے معمول کے مطابق اپنا طواف جاری رکھا۔ 

وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ کو ایک پیغام میںبتایاکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دورے کے دوران گزشتہ رات سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان جدہ میں وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران تجارتی اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور پاکستانی افرادی قوت کے لئے مواقع پیدا کرنے کے معاملات زیر بحث آئے،سعودی عرب کے دورے کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت اعلیٰ سطح کا وفد وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ تھا۔ 

وزیر اعظم نے سعودی عرب کے تین روزہ دورہ کے دوران اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے علاوہ فلسطین اور افغانستان کے مسائل بھی زیر بحث آئے،وزیراعظم کا3روزہ دورہ مکمل ہوگیا۔ 

ہفتے کو ایک پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی،ہم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو نئی اور بلند ترین سطح تک لے جانے کا عزم کا اعادہ کیا، میں نے ان کی بصیرت انگیز قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور سعودی عرب کی جانب سے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے اور سعودی عرب کے دورے کے دوران پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے نئے راستوں اور طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اہم خبریں سے مزید