کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے ٹوئٹر پر ایک ریٹائرڈ کرنل کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ اپنے عہدے کا کچھ لاج رکھ لیں اور منفی پروپیگنڈہ نہ پھیلائیں سی پیک تو عمران نیازی نے جھوٹے اور بیہودہ الزامات لگا کر بند کرایا-واضح رہے کہ ٹوئٹر پر ایک ریٹائرڈ کرنل افتخار نقوی نے یہ الزام عائد کیا کہ سی پیک پر کام بند ہو چکا ہے اور آج سے چینی انجنیئرز واپس گھروں کو جا رہے ہیں۔ احسن اقبال نے وضاحت دی کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں ملک میں 29 بلین ڈالرکے منصوبے شروع ہوئے جبکہ پی ٹی آئی دور میں ایک ڈالر کا نیا منصوبہ شروع نہ ہو سکا- حتیٰ جو منظورشدہ تھے وہ بھی سرد خانوں کی نذر ہو گئے۔