شانگلہ(اے پی پی، مانیٹرنگ سیل) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ جھوٹے وعدے نہیں کروں گا، تمام صوبوں کی یکساں ترقی پریقین رکھتے ہیں حقیقی پاکستان میں تمام افراد کو بلاتفریق مواقع دینگے، خیبر پختونخوا سمیت پورے پاکستان کے عوام کیلئے صحت کی مفت سہولیات ہونگی، جب تک جان ہے دن رات کام کروں گا۔
خیبرپختونخوا کو سستے آٹے کیلئے پنجاب پیسے دے گا، وزیراعلیٰ محمود خان آٹا سستا نہیں کرینگے تو اپنےکپڑے بیچ کر خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمت کم کروں گا، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آٹے کی ایک ہی قیمت ہوگی، افسوس یہاں 10کلو آٹا 720 روپے کا ہے، خیبرپختونخوا کے مسائل کے حل کیلئے جان لڑادوں گا، کب تک کشکول لیکر بھیک مانگیں گے، رونے دھونے، سو کر اور چھومنتر سے نہیں، محنت سے ہمارا بھکاری پن ختم ہوگا۔
چار سال جھوٹ بولا گیا، خیبرپختونخوامیں 8سال سےحکومت ہے، ایک اسپتال نہیں بناسکا، قرضے لیکر ملک کی معیشت کو تباہ کیا، عمران خان کی کارکردگی کچھ نہیں قوم کوکیا بتائے گا؟ ان خیالات کا اظہار انہوں شانگلہ کے علاقےبشام میں عوامی جلسے سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔
قبل ازیں شانگلہ کے عوام نے وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا وزیراعظم شہبازشریف نے بشام میں میڈیکل کالج کے قیام سمیت بنیادی مسائل کے حل کیلئے دوارب روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج نواز شریف کے شیر کے گھر آیا ہوں، خیبرپختونخوا کا یہ میرا پہلا دورہ ہے۔
انہوں نےکہا کہ جب تک میری جان میں جان ہے دن رات انتھک کام کروں گا اور انشااللّٰہ خیبرپختونخوا کو عظیم صوبہ بنا کر دم لونگا، خیبرپختونخوا میں اتنا عرصہ تحریک انصاف کی حکومت رہی کتنے اسپتال بنے مفت علاج کیے؟ پنجاب کے ہراسپتال میں غریبوں کا مفت علاج ہوتا تھا۔
پنجاب میں دوبارہ اسپتالوں میں مفت علاج شروع کرا دیا ہے، غریب علاج کیلئے سسک سسک کر جان دے دیتا ہے، اگر اللّٰہ نے موقع دیا تو پورے خیبرپختونخوا میں مفت علاج کی سہولت ہوگی، عمران خان نےچار سال میں نوازشریف کےمنصوبوں پر صرف تختیاں لگائیں، کہیں کسی نئےمنصوبےکی کوئی ایک نئی اینٹ نہ لگی،خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت نے کتنے یتیموں، بیواؤں کے مفت علاج کرائے؟
4 سال جو وزیراعظم کے عہدے پر فائز تھا، اس نے صرف جھوٹ بولا، قوم کو دھوکا دیا،عمران خان کی کارکردگی کچھ نہیں، عمران خان اپنی تقریروں میں چار سالہ کارکردگی کی بات نہیں کرتا،اب کیا قوم کو مہنگائی کا بتائے گا؟
(ن) لیگ نےبجلی کے شاندار منصوبےلگائے،پی ٹی آئی حکومت کی کرپشن اورنااہلی کی وجہ سےملک میں دوبارہ لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی،سابق حکومت نےتیل منگوایانہ گیس، ملکی تاریخ کےسب سےزیادہ قرضے لیکر معیشت کوتباہ حال کردیاگیا،4سال میں مہنگائی عروج پر چلی گئی، سابق حکومت نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے۔
پی ٹی آئی حکومت نے 24ہزارارب قرض لیا کوئی نئی اینٹ نہیں لگی، پشاوربی آرٹی چلتی اورجلتی رہی۔شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے 11،11 ماہ میں میٹروبسیں چلائیں، جان لڑادوں گا خیبرپختونخوا کے مسائل حل کر کے دکھاؤں گا۔
شہبازشریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی ہر دکان پر سستا آٹا مہیا کرنے کا طریقہ آتا ہے، اگلے ایک دو دن میں آٹے کی جو قیمت پنجاب میں ہوگی وہی خیبر پختونخوا میں ہوگی۔ خیبرپختونخوا کےعوام سےوعدہ،گندم کی فراہمی سے متعلق شکایت نہیں ہوگی،گندم وافرمقدار میں ہے ،پنجاب کو بھی کہوں گا کے پی کو گندم دے ،خیبرپختونخوا حکومت کو ایمانداری اور شفاف طریقے سے گندم کی تقسیم کرنی ہوگی، یہاں جو وزیراعلیٰ ہیں وہ سستا آٹا فراہم کریں، اگر کر دینگے تو شکر گزار ہونگا، نہیں کرینگے تو اپنے کپڑے بیچ کر آٹا سستا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ بشام میں 10 کلو آٹے کی بوری کتنے کی ملتی ہے؟ یہاں پر 10 کلوآٹے کا تھیلا 720 روپے میں بک رہا ہے، سن لو جو قیمت پنجاب وہی خیبرپختونخوا میں ہو گی، امیرمقام بڑا تگڑا، محنتی آدمی ہے، ہم پورے پاکستان کی یکساں ترقی چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تمام اسپتالوں میں غریبوں کیلئے علاج فری کردیں، اگروہ فری علاج نہیں کرینگے توہم سہولت دینگے۔ شانگلہ دوبارہ جلد آؤں گا۔ یہاں پر میڈیکل کالج بنائینگے۔دن رات کام کریں گے،عوام سوئے گی میں جاگوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شانگلہ کی عوام سے غلط بیانی نہیں کرونگا، جب تک وزیراعظم رہا،عوام سے جھوٹ نہیں کہوں گا،جھوٹے وعدے نہیں کروں گا،اگر غلطی ہوئی تو عوام کو گواہ بنا کر معافی مانگوں گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کب تک ہم کشکول لیکر پھریں گے، بھیک مانگیں گے، کشکول لے کر پھرنے سے عزت نہیں ملتی، 75 سال گزر گئے ، رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا،ہمیں محنت کرکے اپنے پاؤں پرکھڑا ہونا ہوگا، رونے،دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، سو کر، چھو منترسے نہیں محنت کرنا ہو گی۔
تب ہمارا بھکاری پن ختم ہوگا، جان لڑادیں گے پاکستان کوقائداعظم کا پاکستان بنائیں گے، اللّٰہ نے پاکستان کو بے شماروسائل سے نوازا ہے، پاکستان کے غریب بچے آج بھی اسکول نہیں جاسکتے، غریبوں کے والدین دوائی نہ ملنے پر مر جاتے ہیں، اس وقت خزانہ خالی اورقرضے ہی قرضے ہیں، سعودی عرب کا دورہ کر کے آیا ہوں۔
سعودی شہزادے، یواے ای نے کہا کہ پاکستان کی ہرممکن مدد کرینگے، سعودی عرب، یواے ای پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، سعودی عرب نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ آخرمیں انہوں نے عوام سے وعدہ لیا کہ محنت کروگے، پاکستان کوعظیم بنائوگے،ملک کا بھکاری پن ختم کرو گے جس پرپنڈال میں شریک عوام نے یک زبان ہوکر کہا”ان شاءاللّٰہ“۔