اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن مافیاز سے نجات کا واحد راستہ ہیں۔ انتخابی اصلاحات کے فوری بعد الیکشنز ہونے چاہییں۔ عوام کو اپنے نمائندے آزادانہ طریقے سے منتخب کرنے کا حق دیا جائے۔ عدلیہ،الیکشن کمیشن کو آزاد اور اسٹیبلشمنٹ کو نیوٹرل رہنا چاہیے۔ الیکشن میں روایتی ہتھکنڈوں، دولت کے بے جا استعمال، بیوروکریسی کی مداخلت اور اس طرح کے دیگر عوامل پر مکمل پابندی ہونی چاہیے۔ قوم کو بتایا جائے دونوں جماعتوں نے صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے کیا اقدامات اٹھائے۔ ن لیگ کو بھی پنجاب پر حکمرانی کا بار بار موقع ملا، بہتری نہ آ سکی۔ چند خاندان دولت کے ڈھیر پر بیٹھے ہیں، کروڑوں افراد کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، حکمران بتائیں ایک شخص موجودہ مہنگائی کے دور میں کس طرح گھر چلائے۔ عوام جھوٹے وعدے اور دعوے کرنے والوں کا احتساب کریں۔ قوم کواپنے حق کے لیے آواز بلند کرنا ہو گی۔ ادھر منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے امیر جماعت نے ملک بھر میں ورکرز کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اپنے جھنڈے، انتخابی نشان ترازو اور کرپشن فری اسلامی پاکستان کے منشور کے تحت انتخابات میں جائے گی۔