لاہور (نمائندہ جنگ )امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ سودی نظام کے خلاف وفاقی شریعت عدالت کا فیصلہ عوام کی امنگوں کی ترجمانی ہے، حکومت مالیاتی نظام کو سود سے پاک کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ وقت آ گیا ہے کہ بحیثیت قوم ہم پورے نظام کو اسلامی اصولوں پر ڈھالنے کے لئے جدوجہد کریں۔ علمائے کرام اور نظریہ پاکستان سے محبت کرنے والے تمام افراد کو اس سلسلے میں کردار ادا کرنا ہو گا۔ اگر سودی نظام کے خاتمے کے لیے حکومت نے تاخیری حربے استعمال کئے تو قوم متحد ہو کر 1977ء ایسی تحریک چلائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی شریعت عدالت کی جانب سے حرمت سود کے تاریخی فیصلہ پر عمل درآمد کا جائزہ اور مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرنے سے متعلق منصورہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں قائدین جماعت سمیت مختلف تنظیموں کے 21علمائے کرام اور 15ماہرین معیشت و قانون نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ عدالتی فیصلہ کی روشنی میں ملک کے بنکنگ اور مالیاتی نظام کو مکمل طور پر سود سے پاک کرنے کے لئے فوری اقدامات کا آغاز کرے اور اس سلسلے میں قوم کو واضح روڈ میپ دیا جائے۔