• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقامی انتخابات، آزاد کشمیر ڈائسپورہ سے تعلق رکھنے والی سلینہ راجہ ملٹن کینز کنزرویٹو پارٹی کی نئی لیڈر منتخب

ملٹن کینز (توقیر لون) کنزرویٹو پارٹی ملٹن کینز نے حالیہ الیکشن کے بعد مقامی لیڈرشپ کو نوجوان قیادت کے ہاتھ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقامی کنزرویٹو لیڈر الیگزینڈر والکر کے بعد اب کونسلر سلینہ راجہ ملٹن کینز میں کنزرویٹو پارٹی کا چارج سنبھالیں گی۔ ملٹن کینز میں یہ پہلی بار ہے کہ جب پارٹی کی لیڈر شپ کسی ایشین خاتون جن کا تعلق آزاد کشمیری ڈائسپورہ سے ہے کے حصے میں آئی ہے۔ سلینہ راجہ جنکا آبائی تعلق ضلع میرپور کے علاقہ اسلام گڑھ کے قریب گاؤں سہار سے ہے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ درس و تدریس کے شعبہ سے بھی منسلک ہیں۔ حالیہ مقامی کونسل کے انتخابات میں جہاں کنزرویٹو پارٹی 23نشستوں کے ساتھ اپنی اکثریت برقرار رکھنے والی واحد پارٹی ہے، وہاں انہیں اس سال ایک نشست پر ہار کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔ لیبر پارٹی کو اس سال 20اور لبرل ڈیموکریٹس کو 14 نشستیں حاصل ہونے کے بعد لیبر اور لب ڈیم الائنس دوبارہ ملٹن کینز کونسل میں اپنا کنٹرول جاری رکھ سکیں گے۔ نو منتخب کنزویٹو پارٹی لیڈر سلینہ راجہ نے روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملٹن کینز میں کنزرویٹو پارٹی کے حوالے سے نہایت پر امید ہیں اور پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے بعد وہ پارٹی کو مزید مضبوط کرنے پر اپنی توجہ مبذول کریں گی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ وہ اور انکی پارٹی حتی الامکان کوشش کریں گی کہ ملٹن کینز میں مقامی لوگوں کی بہتری پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں اور لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر کنزرویٹو پارٹی کو مضبوط بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گی تا کہ انکی پارٹی مستقبل میں مقامی کونسل میں اپنا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

یورپ سے سے مزید