لاہور( این این آئی)اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے یہاں اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ 16اپریل کا وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن غیر قانونی اور غیر آئینی ہے اسے مسترد کرتے ہیں‘ن لیگ نے کروڑوں پاکستانیوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالاہے، عمران خان کے جلسوں میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر غیر آئینی حکمرانوں پر عدم اعتماد کا اظہار ہے‘کسی ممبر پنجاب اسمبلی کو مارنا یا سر پر سخت چوٹ پہنچانا، کیا کسی کا بھلا کرنا ہے؟ ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے پرویزالٰہی کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ ایسے واقعات کے ذمہ داران کو معاف نہیں کرتی۔ملاقات میں پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ ہوا کہ ایسی مشترکہ ریسرچ کی جائے جس کا فائدہ عام آدمی اور کسانوں کو ہو۔اسپیکر نے برطانوی ہائی کمشنر کو پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ، ایوان، لائبریری اور دیگر شعبہ جات کادورہ کروایا اور انہیں اسمبلی کی ساخت، پارلیمانی روایات اور اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی ورکنگ سے بھی آگاہ کیا۔