اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مجھے واضح پیغام دیاہے کہ کسی سے کوئی بات ہوگی نہ رابطہ پہلے حکومت تحلیل کی جائے‘ انہوں نے مجھے یہ عندیہ دیاہے کہ بات چیت کے لئے تیار ہوں گامگر پہلے حکومت الیکشن کی تاریخ دے یعنی جوذمہ داران ہیں وہ الیکشن کی تاریخ دیں اورپھر بات ہوسکتی ہے ورنہ فیصلہ لانگ مارچ کے ذریعے گا۔ایک انٹرویو میں شیخ رشید کا کہنا تھاکہ جہاں تک آرمی چیف کاسوال ہے توآرمی چیف تو چوتھے نمبرپربھی آجاتا ہے 5ویں نمبرپربھی آجاتا ہے،8ویں پر بھی آیاہے یہ بعدکی باتیں ہیں ‘ ابھی مئی کامہینہ ہے اس میں اہم فیصلے ہونے ہیں اور اس میں عمران خان ایک اہم اورسیاسی کردارادا کرنے جارہاہے۔ سابق وفاقی وزیرنے کہاکہ لانگ مارچ کا اعلان20 تاریخ کوہوگا‘ابھی دن10دن پڑے ہیں 10دن میں فیصلہ کریں‘ اگر لانگ مارچ کااعلان ہوگیاتوپھرلانگ مارچ الیکشن کی تاریخ سے پہلے واپس نہیں ہوگا۔شیخ رشید کا مزید کہناتھاکہ پاکستان کوفوج اور عمران خان نے بچایا ہوا ہے اور ہم اکھٹے ہیں‘ سارا پروپیگنڈا فوج کے خلاف انڈیالانچ کررہی ہے عمران خان کے خلاف انڈیا لانچ کررہی ہے۔شیخ رشید کا کہناتھاکہ آٹھ 10 دن سے قبل ازوقت انتخابات پر بات چیت چل رہی ہے‘ ہمارے دو لوگ ان مذاکرات میں شریک ہیں لیکن جب تک انتخابات کی تاریخ نہیں ملتی اس وقت تک عمران خان کسی سے ملاقات اور رابطہ کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ شیخ رشید نے بتایاکہ نون لیگ پھنس گئی ہے ‘انہوں نے سوچاکچھ اورتھاہو کچھ اورگیاہے‘مہنگائی ہونی ہے تو وہ ہمارے کھاتے سے اترکر ان کے گلے میں چلی گئی ہے جو ہمار ی غلطیاں تھیں اب ان کے گلے پڑگئی ہیں‘ عمران خان مقدرکاسکندر ہے جتنے لوگوں کے مسئلے تھے شکوے شکایت تھے وہ اب شہبازشریف کے گلے میں اور اس حکومت کے متھے پڑ گئے ہیں عمران خان جوسیاسی طورپر بہت نیچے چلاگیا تھا بہت اوپر چلاگیا ہے۔