• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرین سے مکمل فوجی انخلا تک روس پر پابندیاں برقرار رہنی چاہئیں، برطانوی سیکرٹری خارجہ

کراچی،راچڈیل (پی اے،بارون مرزا) برطانوی سیکرٹری خارجہ لزٹرس نے کہا ہے کہ یوکرین سے مکمل فوجی انخلا تک روس پر پابندیاں برقرار رہنی چاہئیں، روسی صدر ولادیمر پوتن کو مزید جارحیت سے روکنے کے لیے شکست دینا ہوگا۔ جمعے کو ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی سیکرٹری خارجہ لزٹرس نے کہا ہے کہ روس کے خلاف بین الاقوامی پابندیاں صرف اس وقت ختم کی جانی چاہئیں جب اس کے تمام فوجی یوکرین سے نکل جائیں۔ لز ٹرس نے جمعرات کو جی 7 کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کو بھی بتایا کہ اتحادیوں کو یوکرین کی مزاحمت کی حمایت میں "مزید اور تیز" جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کو ایسی شکست کا سامنا کرنا ہوگا جو مزید جارحیت کو روکے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ لز ٹرس نے جرمنی میں ہونے جی سیون وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران زور دیا کہ ماسکو پر پابندیوں میں اضافہ اس وقت تک جاری رکھا جائے جب تک روسی فوجی یوکرین میں موجود رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوتن عالمی سطح پر خود کوشرم سار کر ر ہے ہیں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ روسی صدر کو یوکرین میں ایسی شکست کا سامنا کرنا پڑے جس سے اسے کوئی فائدہ نہ ہو اور وہ مزید جارحیت سے باز رہے ۔ انھوں نے یوکرین کے دفاع کے لیے تعاون بڑھانے کے مطالبات کو بھی دہرایا، جس میں نیٹو فوجی اتحاد کے زیر استعمال فوجی ساز و سامان تک رسائی میں اضافہ بھی شامل ہے۔ انھوں نے کہاکہ یوکرین کے لیے بہترین طویل مدتی سیکورٹی اس کے اپنے دفاع کے قابل ہونے سے آئے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ یوکرین کو نیٹو کے معیاری آلات کے لیے واضح راستہ فراہم کرنا ہے۔ دریں اثنا سیکرٹری خارجہ کے ذرائع کے مطابق بیرون ملک برطانوی امداد پر موثر کنٹرول اور اس کو ملکی مفاد سے ہم آہنگی کرنے کےلیے سیکرٹری خارجہ بجٹ میں ترمیم کریں گی۔ راچڈیل سے نمائندہ جنگ کے مطابق لز ٹرس غیر ملکی امداد کے بجٹ میں ترمیم کریں گی تاکہ برطانیہ بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے زیادہ رقم خود فراہم کرے۔ سیکرٹری خارجہ اگلے ہفتے بیرون ملک ترقی کی نئی حکمت عملی کا اعلان کریں گے جو ٹیکس دہندگان کے پیسے کے خرچ کرنے کے طریقے پر زیادہ کنٹرول رکھے گی۔ مس ٹرس اقوام متحدہ اور ورلڈ بینک جیسی تنظیموں کو دی جانے والی رقوم میں کمی کریں گی۔ مس ٹرس کثیر الجہتی تنظیموں کو جانے والی رقم کو کم کرنے کا ہدف مقرر کریں گی تاکہ یہ 2025 تک دفتر خارجہ کے امدادی اخراجات کا صرف ایک چوتھائی حصہ بن جائے جو اس وقت تقریباً 40 فیصد سے کم ہے۔ یوکے کے زیر انتظام سکیموں پر توجہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ رقم اہم ترجیحات پر چلی جائے جس میں خواتین کے خلاف تشدد کا خاتمہ اور یوکرین جیسی جگہوں پر انسانی امداد فراہم کرنا شامل ہے ۔ مس ٹرس کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ برطانوی زیرقیادت منصوبوں پر ممالک کے ساتھ براہ راست رقم خرچ کرنے کا مطلب ہے کہ ہم ان ترجیحات کو فنڈ دے سکتے ہیں جو برطانیہ کے لیے اہم ہیں ۔ نئی حکمت عملی حکومت کو ہم خیال ممالک کے ساتھ شراکت داری قائم کرنے کی بھی اجازت دے گی۔

یورپ سے سے مزید