• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں، جیکب آباد میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ

اسلام آباد (ایجنسیاں،نمائندہ جنگ)ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں،جیکب آباد میں درجہ حرارت 50ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ پورے ہفتے ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر متوقع ہے، سندھ ، بلوچستان اورپنجاب میںدرجہ حرارت معمول سے 7تا9 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے،۔فیصل آباد اور جیکب آباد میں شدیدگرمی سےطالبہ سمیت2 افراد جاں بحق، 2بے ہوش ہوگئے۔ جمعہ کو گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول تاندلیانوالہ میں کلاس ہفتم کی 12 سالہ ثنا شاہین شدید گرمی کے باعث دم توڑگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوائیں 14 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے چل رہی ہیں۔شہرکا درجہ حرارت 38سے 40ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے اورہوا میں نمی کا تناسب60فیصد رہنے کا امکان ہے۔سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت 6سے 8ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے ز یادہ رہنے، لاہورکا درجہ حرارت 45ڈگری تک جانے کا امکان ہے، جیکب آباد میں درجہ حرارت دوسرے روز بھی 50سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد پنجاب حکومت نے صوبہ میں تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا ۔چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ صوبہ بھر میں ابتدائی ریسپانس سینٹرز اورپینے کے پانی کی فراہمی کیلئے عارضی پوائنٹس قائم کر دیئے گئے ۔آئندہ ہفتے صوبہ کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 7تا9ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے وسطی و جنوبی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ پانی اور بجلی کا بے جا استعمال نا کریں، آئندہ پورا ہفتہ زیادہ سے زیادہ وقت گھروں کے اندر گزاریں،بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں،پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں، سر،گردن اور چہرے کو ڈھانپ کر رکھیں جبکہ خواتین چولہے کے سامنے کم سے کم وقت صرف کریں۔

ملک بھر سے سے مزید