لندن ( جنگ نیوز ) گوجر خان میں عوام کی بہتری و ترقی کے لئے برسوں سے منظور شدہ منصوبوں کی تعمیر کو پہلی فرصت میں مکمل کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلی پنجاب کے معاونِ خصوصی ملک محمد احمد خان نے کیا، انہوں نے رہنما مسلم لیگ ن یو کے و چیئرمین “او پی ایل” اشتیاق چودھری سے انکی قیام گاہ پر ہوئی ایک ملاقات میں “ گوجرخان میں گیس کے منظور شدہ منصوبوں اور یونیورسٹی کے قیام کے لئے فوری عملدرآمد کا اعادہ کیا ، ملاقات میں اشتیاق چودھری نے گوجرخان میں دوہزار اٹھارہ سے منظور شدہ منصوبوں اور یونیورسٹی کے اُن منصوبوں کی طرف معاون خصوصی کی توجہ دلائی جن کی منظوری مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اور موجودہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے بحیثیت وزیراعلیٰ دی تھی۔ انہوں نے انہیں پایہ تکمیل پہنچانے کی درخواست کی اور ان منظور شدہ منصوبوں کی فائلز بھی معاون خصوصی کے حوالے کی گئیں، اس موقع پر معاون خصوصی ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ وہ واپس پاکستان جا کر ان فائلز پر متعلقہ محکموں سے بریفنگ لیں گے اور وزیراعظم پاکستان سے ان پر ایکشن لینے کی درخواست کریں گے اس موقع پر پارٹی کے دیگر امور بھی زیر بحث آئے ۔