• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسان گرمی سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں‘ محکمہ زراعت

پشاور ( جنگ نیوز )محکمہ زراعت و لائیو سٹاک خیبرپختونخوا کے ترجمان نے عوام خاص طور پر کسانوں، زمینداروں اور مویشی پال لوگوں سے کہا ہے کہ وہ گرمی کے شدید دباؤ سے بچنے کے لیے کھیتوں میں اپنی زرعی مصروفیات صبح اور شام کے وقت تک محدود رکھیں کیونکہ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث رواں ہفتے صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشترعلاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کا امکان ہے اور اس دوران گرمی کی شدت میں غیرمعمولی اضافے کی پیشن گوئی کی گئی ہے اور درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ،شدید گرم اور خشک موسم سے آبی ذخائر فصلوں سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی ہو سکتی ہے اس کے علاوہ جانوروں کو گرمی کے شدید دباؤ کا خطرہ بھی لاحق ہو سکتا ہے اس لئے کاشتکار حضرات گرمی کے شدید دباؤ سے بچنے کی خاطر کھیتوں میں زرعی مصروفیات صبح اور شام کے وقت تک محدود رکھیں اس کے ساتھ ساتھ کسان موسمی حالات کے مطابق فصل کو نقصان سے بچانے کے لئے مناسب آبپاشی کا انتظام کریں سر پر گیلی چادر رکھیں اور ہر پندرہ بیس منٹ بعد پانی اور دیگر مشروبات کا استعمال یقینی بنائیں۔محکمہ زراعت و لائیو سٹاک خیبر پختونخواکے ترجمان نے مویشی پال حضرات کو مزید تاکیدکی ہے کہ وہ مویشیوں کو شدید گرم موسم کے باعث سایہ دار جگہوں پر رکھیں اور ان کے لیے پینے کے پانی کا بندوبست کریں جانوروں کو بار بار بار نہلائیں اگر نمی زیادہ ہو تو پنکھے سے ہوا دیں جانوروں کو خوراک رات کے وقت یا صبح سویرے کھلائیں انہیں بہترین معیار کا آسانی سے ہضم ہونے والا چارہ دیں سبز چارے کی مقدار میں اضافہ کریں اور باقاعدگی سے منرل مکسچر دیں جانوروں کے چارے میں نمکیات کا بھی ضرور استعمال کریں۔ترجمان کے مطابق حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ زراعت و لائیوسٹاک بھی اس حوالے سے بھرپوراقدامات اٹھارہا ہے۔
پشاور سے مزید