• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہولتوں کی عدم فراہمی، کامن ویلتھ گیمز ریسلنگ کیمپ میں پہلوانوں کو مشکلات

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کامن ویلتھ گیمز کے لئے لاہور میں جاری قومی ریسلنگ کیمپ میں شریک پہلوانوں کو ٹریننگ ہال میں اے سی اور بجلی کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا ہے،شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ نے تربیت میں مصروف ریسلرز کو پریشانی سے دوچار کردیا ہے، پہلوانوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم فراہمی سے نہ صرف ٹریننگ متاثر ہورہی ہے، بلکہ ان کی صحت بھی خراب ہورہی ہے، کئی ایک بخار اور نزلے کھانسی کا شکار ہوگئے ہیں، کیمپ میں 30 پہلوان شریک ہیں، ان میں سے 6 ریسلرز کو برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لینا ہے، انعام بٹ کو رواں ماہ ترکی میں ہونے والے ورلڈ بیچ ریسلنگ ایونٹ میں شرکت کرنی ہے،انعام بٹ نے بتایا کہ وہ کامن ویلتھ گیمز سے قبل 27 اور 28 مئی کو ترکی میں ہونے والی ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز کے پہلے مرحلے میں شرکت کریں گے، یہ مرحلہ ورلڈ بیچ گیمز کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے اس لیے اس میں شرکت کرنا ضروری ہے جبکہ کامن ویلتھ گیمز کی وجہ سے شاید ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز کے اسپین سمیت دیگر مرحلوں میں شرکت کرنا ممکن نہیں، انعام بٹ نے کہا کہ ٹمپریچر کنٹرولڈ ہال کی سہولت جلد مہیا کی جائے، امید ہے کہ پی ایس بی ہال میں جلد اے سی نصب کر دے گا، دنیا بھر میں گدے کی کشتی ٹمپریچر کنٹرولڈ ہال میں ہوتی ہے لیکن ہمارے ہاں ایسی سہولت میسر نہیں ہے، اگر ہمیں بھی ایسی سہولت مل جائے تو ہماری تیاری میں مزید بہتری آسکتی ہے،پہلوان طیب رضا کا کہنا ہے کہ ہم یہاں نارمل ہال میں سخت گرمی میں ٹریننگ کرتے ہیں جبکہ میٹ ریسلنگ کے بیرون ملک ہونے والے مقابلے ہم ٹمپریچر کنٹرولڈ انڈور ہال میں کرتے ہیں تو اس سے ہمیں بہت فرق پڑتا ہے۔

اسپورٹس سے مزید