لاہور(نمائندہ خصوصی،خبرنگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے حکومت نے بجٹ میں سودی معیشت کو سہارا دیا تو پورے کرپٹ نظام کے خلاف ایسی تحریک چلائیں گے کہ حکمرانوں کو دن میں تارے نظر آئیں گے۔ حکومت وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز کرے۔ موجودہ حکومت بھی وہی کام کررہی ہے جو پی ٹی آئی نے چار سال کیے۔ الیکشن ریفارمز کا آغاز ہونا چاہیے، اس کے فوری بعد الیکشن ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آج سے مہنگائی اور سود کے خلاف تحریک کا آغاز کردیا۔سودی معیشت کے خلاف اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے تمام پارٹیوں کے لیڈران سے ملوں گا۔ معیشت کو اسلامی خطوط پر ڈھالنے کے لیے قومی ڈائیلاگ کا آغاز ہونا چاہیے۔ حکمران خدا کا خوف کریں ، کیا انہیں پورے ملک سے کوئی ایماندار اور اہل آدمی نہیں ملتا جو معیشت میں بہتری کے لیے آئی ایم ایف کے ایجنٹوں سے باربار رابطہ کیا جارہا ہے ۔ پہلے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی شہید نہ بنایا جائے ۔