• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، پانی کی چوری، غیرقانونی عمارتوں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کا کراچی شہر میں پانی کی چوری، غیر قانونی عمارتوں اور سرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ،یہ فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیرصدارت اجلاس میں ہوا۔ جس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، سیکریٹری بلدیات سید نجم شاہ، ایم ڈی واٹر بورڈ، ڈی جی ایم ڈی ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، رینجرز اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں تجاوزات، پانی کی چوری، غیر قانونی عمارتوں اور منشیات پر بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کے شہر میں ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زمینوں پر مختلف علاقوں میں غیر قانونی قبضے کئے گئے ہیں اور مختلف وقتوں میں ان تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی کئے گئے ہیں مگر یہ تجاوزات دوبارہ ہوجاتی ہیں۔ اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کے شہر میں اس وقت 6000غیر قانونی عمارتیں ہیں۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تمام غیر قانونی عمارتوں کی رپورٹ طلب کر لی۔ اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے منظور شدہ عمارتوں پر کیو آر کوڈ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کے غیر قانونی عمارت تعمیر کرنے والے مافیا کے خلاف قانونی کاروائی کر کے سزائیں بھی دلوائی جائیں گی، انہونے مزید کہ کے قانون میں اس جرم کی سزا اور جرمانہ کم ہے جس پر بھی نظرثانی کی جائے گی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید