• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان کے پیش نظر حکومت نے پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا ہے.

 انتظامیہ نے فیض آباد انٹرچینج سِیل کرنےکا فیصلہ کیا ہے، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کی اضافی نفری فیض آباد کے مقام پر تعینات کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کا بتانا ہےکہ صوبے کے تمام اضلاع کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیے گئے ہیں جس کے تحت اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند ہیں۔

 ذرائع کےمطابق صوبے کے تمام اضلاع سے اسلام آباد جانے والی ٹرانسپورٹ بند کردی گئی ہے، کوئی بھی شخص لانگ مارچ میں ضلع سے باہرنہیں نکل سکےگا جب کہ اس سلسلے میں تمام ٹرانسپورٹرز کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہےکہ کوئی بھی اپنی گاڑی لانگ مارچ کے شرکا کو نہیں دے گا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے فیض آباد کے علاقے میں کنٹینر پہنچادیے گئے ہیں جبکہ جی ٹی روڈ پر دریائے جہلم کے پل پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں جس سے جی ٹی روڈ سے اسلام آباد جانے والا راستہ بندہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جی ٹی روڈ کو اٹک خورد کے مقام پر بلاک کردیا گیا جس سے خیبرپختونخوا کا پنجاب سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔ اس کے علااوہ موٹروے ایم 1 کو اسلام آباد جاتے ہوئے صوابی کے مقام پر بند کیا گیا ہے جب کہ موٹروے لاہور سے راوی ٹول پلازہ پر بھی کنٹینرز رکھ کر بند کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق امن و امان کی صورتحال پیش نظر لاہور میں رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر انتظامیہ نے فیض آباد انٹرچینج کو سِیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

 ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کی اضافی نفری فیض آباد تعینات کردی گئی ہے، آج رات سے فیض آباد مکمل سِیل کردیا جائےگا۔

 دوسری جانب انتظامیہ نے کمیٹی چوک انڈر پاس پر کنٹینرپہنچادیے ہیں، کمیٹی چوک پرکنٹینرلگا کرمری روڈ بند کیا جائےگا۔

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس بند کردی گئی۔میٹروبس انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس راولپنڈی اور اسلام آباد انتظامیہ کی درخواست پربندکی گئی، میٹرو بس سروس ممکنہ طور پر 26 تاریخ تک بند رہےگی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ میٹرو سروس کی مزید بندش کا فیصلہ حالات دیکھ کرکیا جائےگا۔ لانگ مارچ کے پیش نظر انتظامیہ نے فیض آباد انٹرچینج کو سِیل کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کی اضافی نفری فیض آباد تعینات کردی گئی ہے، آج رات سے فیض آباد مکمل سِیل کردیا جائےگا۔ رات گئے انتظامیہ نے رکاوٹیں کھڑی کرکے ڈی چوک کو سیل کردیا۔

اہم خبریں سے مزید