کراچی(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہےکہ امپورٹڈ سرکار کی بیرونی غلامی کی قیمت قوم ادا کریگی، مہنگائی کا بڑا طوفان آئیگا۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کاکہناہےکہ عوام پر آنسو گیس کے بعد مہنگائی کی گولا باری شروع ہوگئی۔ شہباز گل کاکہناہےکہ انکا اصل چہرہ عیاں ہوگیا۔
گزشتہ روز حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپےلیٹر اضافے پر اپنے ردعمل میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہاہےکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 20فیصد یا 30روپے فی لیٹر اضافے( جوہماری تاریخ کا سب سےبڑا یکمشت اضافہ ہے) کے ساتھ قوم نے امپورٹڈ سرکار کی بیرونی آقاؤں کی غلامی کی قیمت ادا کرنا شروع کر دی ہے.
نااہل اور بےحس حکومت نے 30 فیصد سستے تیل کی خریداری کیلئے روس سے ہمارا سودا حاصل نہیں کیا،اس کے برعکس امریکا کےاسٹرٹیجک شراکت دار بھارت نے روس سے سستا تیل خرید کر ایندھن کی قیمتوں میں 25 روپے لیٹر کمی کی ہے،ہماری قوم اب مجرموں کے اس گروہ کے ہاتھوں مہنگائی کا ایک بڑا طوفان بھگتے گی۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہاہےکہ یہ بزدل اور جھوٹی حکومت تیل کی قیمت ابھی اور بھی بڑھائےگی اس لئے نہیں کہ عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوا بلکہ اس لیے کہ گزشتہ صرف 40 دن میں ڈالر 22 روپے مہنگا ہو گیا .
عوام پر آنسو گیس کے بعد اب مہنگائی کی گولا باری شروع ہوگئی،عمران خان حکومت 5 روپے تیل کی قیمت برھاتی تھی تو چند لوگ اتنا چیختے تھے کہ منہ سے جھاگ نکل آتے تھے، آج وہی لوگ پٹرول کی قیمت 30 روپے بڑھانے کے فضائل بیان کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل کاکہناہےکہ اللّٰہ الحق ہے،ان کا اصل چہرہ قوم پر عیاں کر دیا،ان کے اپنے ہاتھوں سے ثابت کروا دیا کہ عمران خان غریب آدمی کو کتنا بڑا ریلیف دے رہا تھا،پٹرول کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کردیاگیا.
عمران خان روس سے 30فیصد سستا تیل اور گندم کا معاہدہ کرنے کے قریب تھے،ہندوستان نے چند روز قبل روس سے سستا پٹرول خریدنے کی ڈیل کی اور چار روز قبل پٹرول کی قیمت میں 25 روپے لٹر کمی کی۔انہوں نے سوال کیاکہ عوام کو ریلیف ملے گایا بیرونی آقا خوش رہیں گے؟۔