• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توہین عدالت کی درخواست نمٹادی، جو ہوا افسوسناک، سیاسی جماعتوں پر اعتماد ٹوٹا، ممکن ہے عمران کو غلط بتایا ہو، چیف جسٹس عطا بندیال

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ/ اے پی پی) چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ کل جو ہواافسوسناک ہے، اس سے عدالت کا سیاسی جماعتوں پر اعتماد ٹوٹا، ممکن ہے عمران کو غلط بتایا ہو۔

ساری صورتحال میں اصل معاملہ اختلافات ہیں، ہم اس سارے معاملے پر فیصلہ کریں گے، ہم سماعت کو دوسروں کیلئے مثال بنائیں گے،معاملہ پر تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے خلاف حکومت کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل صاحب سب سے پہلے آپ کو سننا چاہتے ہیں، جس پر اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف نے سپریم کورٹ کا گزشتہ روز کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا، عدالت میں عمران خان کے گزشتہ روز کا خطاب بھی چلایا گیا۔

 چیف جسٹس نے کہا ممکن ہے کہ عمران خان کو غلط بتایا گیا ہو، سپریم کورٹ کو آئینی حقوق کا تحفظ کرنا ہے، ہمارے علم میں آیا ہے کہ جگہ جگہ آگ لگائی گئی، جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مسلسل شیلنگ کی۔

 اے پی پی کے مطابق سپریم کورٹ نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ معاملہ پر تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

جمعرات کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے معاملے کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر عمران خان کی تقریر کا ویڈیو کلپ چلایا گیا ۔

اہم خبریں سے مزید