کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی میں پاکستانی ٹیم ایشین گیمز چیمپئن جاپان سے شکست اور بھارت کی انڈونیشیا کے خلاف 16گول کی جیت کے باعث نہ صرف سیمی فائنل سے باہر ہوگئی بلکہ اگلے ورلڈکپ تک رسائی کا خواب بھی ٹوٹ گیا۔ جاپان سے ڈرا پر پاکستان وکٹری اسٹینڈ کی دوڑ میں شامل رہ سکتا تھا۔ جاپان، دفاعی چیمپئن بھارت، جنوبی کوریا اورملائیشیا نے سیمی فائنل میں کوالیفائی کر لیا۔ جمعرات کو جاپان نے پاکستان کو 2-3 سے شکست دے دی۔ جکارتہ میں ٹورنامنٹ کے اہم ترین میچ میں کھیل کے 14 ویں منٹ میں جاپان کی جانب سے ریوما اوکا نے گول کیا اور 15 ویں منٹ میں ہی اکیومی سیگی نے گول کردیا۔ دوسرے کوارٹر کے 23 ویں منٹ میں پاکستان کے اعجاز احمد نے گول اسکور کیا،27 ویں منٹ میں تاکوما نیوا نے ایک اور گول اسکور کرکے جاپان کو 1-3برتری دلوادی۔30ویں منٹ میں مبشر علی نے پنالٹی کارنر پر گول بناکر برتری کو کم کیا۔ اس کے بعد پاکستان کیلئے منان نے ایک اور گول اسکور کیا تاہم 12کھلاڑی فیلڈ میں ہونے کی وجہ سے اسے منسوخ کردیا گیا۔ امپائر نے فیصلہ دیا کہ پاکستان کے 12 کھلاڑی میدان میں تھے، جس پر کپتان عمر بھٹہ کو یلو کارڈ دکھا کر 5منٹ کے لیے باہر کردیا گیا۔