• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر معاملے پر فوج کوالزام سے دشمن کے ہاتھ مضبوط ہونگے، حامد موسوی

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ اسرائیل جانیوالے وفد کے متعلق حقائق سامنے لائے جائیں۔سطحی حقائق اور نامکمل معلومات پر مبنی نام نہاد روشن خیال نظریات پاکستان کا مستقبل اندھیروں میں دھکیل سکتے ہیں۔ہر مسئلے پر فوج کو مورد الزام ٹھہرا کر دشمن کے ہاتھ مضبوط نہ کئے جائیں۔ قائد اعظم کے فرمودات کے مطابق اسرائیلی ریاست کی مزاحمت کی پالیسی پر کوئی سمجھوتہ پاکستان اور عالم اسلام کیلئے تباہ کن ثابت ہو گا۔ یسین ملک کی سزا کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے مطالبے سے پسپا کرنے کا حربہ ہے۔سائنس اور ٹیکنالوجی سدا امام جعفر صادق پر ناز کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہادت امام جعفر صادق کے موقع پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں ماتمی جلوس تابوت برآمد ہوئے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ایک بار پھر پراکسی جنگوں کو بھڑکایا جا رہا ہے جو غیر ممالک اپنے ایجنڈے پاکستان میں مسلط کرنا چاہتے ہیں وہ سن لیں ہمیں پاکستان کا استحکام وترقی سب سے زیادہ عزیز ہے۔
اسلام آباد سے مزید