بہاولپور (این این آئی… ٹی وی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو سب سے بڑا فتہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ملک کو بیرونی خطرہ ، اندرونی انتشار اور فتنے کا خطرہ ہے ،عمران خان نے اپنے دوست کے ذریعے آصف زرداری کی منت کروائی۔
لانگ مارچ سے پہلے نواز شریف کی منتیں شروع کردی تھیں،نمبر بدلنے اور لانگ مارچ ناکام ہونے پر سپریم کورٹ کو آوازیں دے رہا ہے، ادب سے کہتی ہوں سپریم کورٹ سیاست سے دور رہے۔
فتنہ خان کا ایک کارنامہ بتا دیںجس سے پتہ چلے سازش کی ضرورت کیوں پیش آئی، پہلے اداروں کو سیاست میں گھسیٹا چوراہوں پر گالیاں دیتا ہے، کیا عدالتوں کا یہ کام رہ گیا ہے کہ جہاں عمران ناکام ہو وہ مدد کو آئیں، نوازشریف نے اربوں ڈالر امداد ٹھکرا کر دنیا کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا اور ایٹمی دھماکے کیے۔
بدترین ناکامی کے بعد کہتا ہے میرا مارچ اس لیے ناکام ہوا کہ تیاری نہیں تھی، اللہ کا لے کرعورت پر جملے کستا ہے، سوائے مہنگائی کے عمران نے پاکستان کو کچھ نہیں دیا، عمران نے اپنے دوست کے ذریعے آصف زرداری کی منت کی، عمران خان نے 25لاکھ لوگوں کو لانے کی بات کی تھی 25ہزار لوگ بھی نہیں نکلے۔
فتنہ خان لاہور کے شہید کانسٹیبل کے گھر بھی آئو،اس کی پیروکار خاتون پولیس کانسٹبل کو گالیاں دیتی رہی، اس پولیس والے کو شاباش ہے، صلح حدببیہ کہنا نہیں آرہا تھاحدیبہ کہہ رہا تھا، پٹرول پر ایک روپیہ بھی بڑھتا ہے تو نواز شریف اور شہباز شریف کا دل روتا ہے۔
شہباز شریف چینی اور کھاد کی قیمت نیچے لے آئے، عمران اپنے بچوں سے کہیں تاج برطانیہ کا طوق گلے سے اتار کر برٹش پاسپورٹ پھاڑ کر آئیں اور لانگ مارچ کی قیادت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ہفتہ کو یہا ں جلسےسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان تمہاری کہانی میں ابھی جیل کا ٹچ باقی ہے، جن پر تم عالمی سازش کا الزام لگاتے تھے انہی سے اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کی، ٹیپ نے بھانڈا پھوڑ دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق پنجاب کے کسی شہر میں پی ٹی آئی کا 200 سے زیادہ بندہ باہر نہیں نکلا،نمبر بدل گیا ہے، اس لیے لانگ مارچ ناکام ہونے پر عمران خان سپریم کورٹ کو آواز دے رہا ہے،سپریم کورٹ کو غیر جانبدار رہنا ہوگا، پاکستان اپنی حفاظت کر نا جانتا ہے۔
یوم تکبیر کا مطلب ہے پاکستان کا کوئی دشمن میلی آنکھ سے دیکھ بھی نہیں سکتا ہے،جس لیڈر نے 5 ارب ڈالر کی امداد ٹھکرا کر کہا ایبسلوٹلی ناٹ اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اس لیڈر کا نام نواز شریف ہے۔
نواز شریف نے کوئی جھوٹا خط نہیں لہرایا، کسی سازش کا ڈراما نہیں کیا، کوئی رونا دھونا نہیں کیا، دھمکیوں کے باوجود بلوچستان میں چاغی کے پہاڑوں میں پہنچا اور نعرہ تکبیر کا نعرہ لگا،نواز شریف اور شہباز شریف چند مہینوں میں پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
مریم نواز نے یوم تکبیر کی مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان اپنی حفاظت کرنا جانتا ہے، یوم تکبیر کا مطلب ہے کہ پاکستان کا کوئی دشمن میلی آنکھ سے دیکھ بھی نہیں سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر کا مطلب پاکستان کی سرحدیں ہمیشہ محفوظ اور دفاع مضبوط ہے، جس نے پوری دنیا کی دھمکیوں کو نظر انداز کرکے بھارت کے مقابلے میں 6 ایٹمی دھماکے کے اس کا نام نواز شریف ہے۔ انہوںنے کہاکہ جس لیڈر نے 5 ارب ڈالر کی امداد ٹھکرا کر کہا ایبسلوٹلی ناٹ اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اس لیڈر کا نام نواز شریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف، پاک افواج، پاکستان کے سائنس دانوں، اٹامک انرجی کمیشن، ذوالفقار علی بھٹو اور جس جس نے کردار ادا کیا ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
نائب صدر مسلم لیگ نے کہا کہ جب نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کیا تو کس کس ملک نے دھمکی اور لالچ نہیں دی اور کس کس نے یہ نہیں کہا کہ اگر ایٹمی دھماکے کروگے تو دنیا تمہار دھماکا کردے گی، تمہیں پتھر کے زمانے میں بھیج دیا جائیگا لیکن نواز شریف نے مادر وطن کی خاطر، اپنے وطن کی حفاظت کی خاطر کہا کہ جو کرنا ہے کر لو میں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر دم لوں گا۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے کوئی جھوٹا خط نہیں لہرایا، کسی سازش کا ڈراما نہیں کیا، کوئی رونا دھونا نہیں کیا، دھمکیوں کے باوجود بلوچستان میں چاغی کے پہاڑوں میں پہنچا اور نعرہ تکبیر کا نعرہ لگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہوتی ہے خودداری اور آزادی کہ آپ نے اپنے ملک کو اتنی بڑی طاقت بنادیا، اس کے بعد کیا کچھ ہوا، کارگل کی جنگ اور بہت کچھ ہوا لیکن پاکستان کے کسی دشمن کو جرات نہیں ہوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھ سکے۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے صرف ایٹمی دھماکے نہیں کیے بلکہ میزائل پروگرام، جے ایف تھنڈر اور اپنے ملک کی سرحدوں کو محفوظ صرف اپنی مٹی سے محبت کرنے والا کرسکتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو آج کوئی بیرونی خطرہ نہیں ہے، پاکستان کوئی سیکیورٹی کا خدشہ نہیں ہے بلکہ پاکستان کو اندرونی خطرہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کو خطرہ ہے تو انتشار، فتنے سے ہے، پاکستان کے سب سے بڑے انتشار اور فتنے کا نام عمران خان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خطرہ ہے تو فتنہ اور فساد ہے جو پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتا۔
مریم نواز نے کہا کہ پہلے منتیں کرکے اداوں کو سیاست میں گھسیٹتا ہے پھر انہی اداروں کو گالیاں نکالتا ہے، ادارے اس کی سیاست سے دور رہیں،سپریم کورٹ کو غیر جانبدار رہنا ہوگا، کیا عدالتوں کا یہ کام رہ گیا ہے کہ اس کی مدد کو آئیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دوست کے ذریعے آصف زرداری کی منت کروائی، لانگ مارچ سے پہلے نواز شریف کی منتیں شروع کردی تھیں، انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق پنجاب کے کسی شہر میں پی ٹی آئی کا 200 سے زیادہ بندہ باہر نہیں نکلا۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھنے کے سوا عمران خان نے قوم کو کچھ نہیں دیا، سوائے مہنگائی کے عمران خان نے پاکستان کو کچھ نہیں دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ تیاری نہ ہونے کی بات کرنے والے کی آگ لگانے، پولیس والوں پر گولیاں چلانے کی تیاری پوری تھی، شہید ہونے والے پی ٹی آئی کے دو کارکنوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف چند مہینوں میں پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوجائیں گے، انقلابی پولیس کے اور ڈنڈوں کے ڈر سے دبک کر گھروں میں نہیں بیٹھ جاتے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے خلاف سازش ہوئی تھی تو سازشیوں کی منت کیوں کی تھی؟ عمران خان نے جنوبی پنجاب والوں سے جھوٹا وعدہ کیا، حکومت میں آتے ہی جنوبی پنجاب کو بھول گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد حمزہ شہباز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران قاسم سوری کان میں کہتا ہے اسلامی ٹچ دو، یہ ہے اس کا اصل چہرہ ہے ، عمران نیازی نے جتنے ٹچ دینے تھے دے چکے،چھ روز بعد دوبارہ فساد کی کوشش کی تو ہم جیل کا ٹچ دیکر حوالات بھیج دینگے۔
ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کرغریبوں کے گھرگرائے، اس نے اپنے گھر کو ریگولرائز کرایا، ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کی چکی میں پیس دیا،ٹیلی فون آڈیولیک ہوئی اس نے سازش کا بھانڈا ہی پھوڑدیا ہے، جن کو تم بْرا بھلا انہی سے حکومت بچانے کی بھیک مانگ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی آزادی مارچ کیلئے نکلا تھا، شہید کانسٹیبل کے 12 سال کے بچے کوحوصلہ دیا، عمران نیازی نے بچوں کوباپ کے سائے سے محروم کردیا، سیالکوٹ میں کانسٹیبل جاوید کے بچوں نے کہا ہمارا سب کچھ چلا گیا، عمران نیازی تم نے انتشار پھیلایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج ٹیلی فون آڈیولیک ہوئی اس نے سازش کا بھانڈا ہی پھوڑدیا ہے، جن کو تم بْرا بھلا انہی سے حکومت بچانے کی بھیک مانگ رہے تھے۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ کہتا تھا آئی ایم ایف گیا تو خودکشی کر لوں گا، ہم تمہیں مجبور کریں گے تم سیاسی خود کشی کرو گے۔
جاوید میانداد نے کہا اس کو ایک کام بھیک مانگنی اچھی آتی ہے، آڈیولیک میں بھی یہ اپنی حکومت کے لیے بھیک مانگ رہا تھا، پٹرول مہنگا کرتے ہوئے دل کو بڑی تکلیف ہوئی، جب بیماری حد سے بڑھ جائے تو پھر الیکٹرک شاک دینا پڑتا ہے، عوام کو مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
عمران نیازی نے معیشت کا بیڑہ غرق کیا ہے، دوبارہ شیروں کی طرح آگے بڑھ کر ملک کو قائد کا خوشحال پاکستان بنائیں گے، اگر آزاد حقیقی مارچ کا مقصد یہ ہے تمہارے توشہ خانہ کے ڈاکوؤں کا سوال کوئی نہ پوچھے تو ایسا نہیں چلے گا، تمہاری انا آئین پاکستان سے بڑھی نہیں۔
تمہاری انا کو گریبان سے پکڑ کر اس مٹی میں دفن کردیں گے، تم نے بڑی کوشش کی میری کابینہ اورگورنرنہ آسکے، دو ماہ سے آئینی بحران پنجاب کا پیچھا کر رہا ہے۔ اب کہانی میں جیل کا ٹچ رہ گیا ہے، تمہیں جیل بھیجیں گے، دوبارہ انتشارپھیلانے کی کوشش کی توتمہیں جیل جانا پڑے گا۔