• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس مستعفی، گورنر پنجاب، الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری، صدر علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی سمری منظور کرلی

لاہور، اسلام آباد (نمائندگان جنگ) ایڈوکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس مستعفی ہوگئے ہیں جبکہ صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا سے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی بھی کردی ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے پنجاب سے بابر حسن بھروانہ جبکہ خیبر پختونخوا سے جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ خان کو بطور ممبر الیکشن کمیشن تعینات کردیا ہے۔

یہ تعیناتیاں آئین کے آرٹیکل 218 (2) بی کے تحت وزیر اعظم کی ایڈوائس پر کی گئی ہی۔ دونوں آسامیاں سابقہ ممبران کی ریٹائرمنٹ کے بعد خالی ہوئی تھیں۔سابق وزیر مملکت بلیغ الرحمٰن کو گورنر پنجاب لگانےکی منظوری دیدی ۔

پنجاب میں نئے گورنر کی تعیناتی کیلئے ایک ماہ سے سردجنگ جاری تھی صدر عارف علوی وزیراعظم کی ایڈوائس پر منظوری دینے سے ہچکچاہٹ سے کام لے رہے تھے۔

 گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے بھی بلیغ الرحمن کی ایڈوائس کوبرقرار رکھا بلآخر صدر نے بطور گورنرپنجاب وزیراعظم کی ایڈوائس کی منظوری دیدی ہے۔

 واضح رہے کہ نامزد گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمنٰ کا تعلق جنوبی پنجاب کے شہر بہاولپور سے ہے۔ انکا خاندان بہاولپور کے متمول اور قدیم خاندانوں میں سے ایک ہے۔

 ان کے والد عقیل الرحمٰن نے 1985 میں سیاست کا آغاز کیا۔بعد ازاں وہ نواز شریف کے قریب ترین ساتھیوں میں شمار ہونے لگے۔

1997 کے عام انتخابات میں نواز شریف نے حاصل پور کی سیٹ پر دو بڑے سیاسی ناموں ریاض پیرزاہ اور تسنیم گردیزی کی جگہ عقیل الرحمٰن کو بلا مقابلہ ممبر قومی اسمبلی منتخب کروایا۔

بلیغ الرحمٰن نے باقاعدہ سیاست کا آغاز 2008 کے عام انتخابات سے کیا اور بہاولپور پور کے حلقہ این اے 185 سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

اسی طرح انہوں نے 2013 میں بھی اسی نشست سے الیکشن جیتا۔سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بلیغ الرحمن ٰکو اپنی کابینہ کا حصہ بنایا اور انہیں وزیر مملکت برائے تعلیم مقرر کیا جبکہ انکے پاس وزیر مملکت برائے داخلہ کاچارج بھی رہا۔

2017 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی حکومت ختم ہوئی تو شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم بنے۔ میاں بلیغ الرحمٰن انکی کابینہ میں بھی وفاقی وزیر تعلیم رہے۔تاہم 2018 میں وہ اپنی نشست ہار گئے اور ممبر قومی اسمبلی منتخب نہ ہو سکے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ن لیگ کی طرف سے بلیغ الرحمٰن کو گورنر پنجاب تعینات کرنا سیاسی حکمت عملی کا حصہ بھی ہے۔گورنر تعینات ہونے کے بعد انکے حلقہ این اے 185 کا ٹکٹ طارق بشیر چیمہ کو دیا جا سکتا ہے۔ 

اہم خبریں سے مزید