بارسلونا(جواد چیمہ)شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر لاہور اور پشاور میں عوام کیلئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اب کراچی میں ان دونوں ہسپتالوں سے بھی بڑا ہسپتال بنے گا۔ان خیالات کا اظہار شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر نائلہ خان نے بارسلونا میں فنڈریزنگ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام معروف بزنس مین چوہدری امانت مہر نے کیا تھا۔نظامت کے فرائض عمران ملک نے ادا کئے۔تلاوت قرآن پاک کی سعادت رضوان کاظمی نے حاصل کی ۔شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر نائلہ خان نے کہا کہ کینسر مہنگا علاج ہونے کے باعث خطرناک بیماری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کینسر کی بیماری دیگر بیماریوں سے اس لیے خطرناک ہے کیونکہ کسی کو کینسر کا پتہ چلتا ہے تو موت کا خوف ہوتا ہے اور دوسرا اس کا علاج سب سے مہنگا ہے۔اس موقع پر معروف سنگرفخرعالم نے کہا کہ جن کے پاس علاج کے لیے وسائل نہیں ہیں وہ سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، بدقسمتی سے کینسر ایسی بیماری ہے جس کا فوری کوئی علاج نہیں ہے اور مخیر حضرات کو اس مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔فخرعالم نے کہا کہ ہمارے پاس ہسپتالوں کی کمی ہے، ہر روز کینسر کے مریض آتے ہیں لیکن جگہ کم ہونے اور قابل علاج ہونے کے باوجود واپس بھیج دیتے ہیں، اسی لیے کراچی کا ہسپتال بنایا جارہا ہے اوراگلے سال تک فعال ہوجائے گا۔تقریب سے معروف بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر،معروف کاروباری شخصیت شعیب ورک،صدر پی ٹی آئی اسپین محمد شیراز بھٹی، معروف سماجی اور سیاسی شخصیت محمد اقبال چوہدری، راجہ شفیق الرحمان کیانی، معروف صحافی جاوید مغل، پروفیسر طاہر، ملک عمران،محمد شہباز کھٹانہ اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں معروف گلوکار قدیر خان اور سعید اختر حیدری نے اپنی پرفارمنس پیش کی۔