• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرانوالہ: شہریوں نے اپنی عدالت لگالی، نوجوان کو چور سمجھ کر تشدد کر کے مار ڈالا

گوجرانوالہ،لاہور(نمائندگان جنگ) گوجرانوالہ میں شہریوں نے اپنی عدالت لگاتے ہوئے مبینہ چور قرار دے کر نوجوان کو تشدد کرکے مار ڈالا۔بتایا گیا ہے کہ محلہ کریم پورہ گلہ کمہاراں والہ حافظ آباد روڈ کا رہائشی محمد اشرف جو کباڑ کا کام کرتا تھا کو راہوالی روڈ نزد پنڈی بائی پاس پر وقاص عباس،مختار،اسد عرف ملنگ اور عقیل وغیرہ نے موٹرسائیکل چوری کا الزام لگا کر مکوں،جوتوں اور آہنی راڈ سے مار مار کر لہولہان کردیا جس سے وہ بے ہوش ہوگیا،،مشتعل افراد رسیوں سے جکڑ کر مارتے اور گاڑی سے باندھ کر مارتے رہے۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو جہاں مشتعل عوام اسے گاڑی کیساتھ باندھ کر تشدد کا نشانہ بنارہے تھے ۔پولیس کی موجودگی میں بھی مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔پولیس والے اسے سول ہسپتال لیجانے کی بجائے تھانہ گئے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ آئی جی پنجاب را ئو سردار علی نے شہریوں کے تشدد سے چوری کے شبہ میں شہری کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیکر آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔سی پی او گوجرانوالہ کو واقعہ کی خود انکوائری کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے شہری کسی رعایت کے مستحق نہیں۔تشدد میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ واقعہ میں غفلت اور لاپرواہی برتنے پراے ایس آئی وحید اللہ سمیت تین ملازمین کو معطل کردیا گیا ایس ایچ او اروپ انسپکٹر گوہر عباس بھٹی کی مدعیت میں مذکورہ پولیس اہلکاروں اور تشدد میں ملوث مذکورہ ملزمان سمیت 14افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔بعدازاں سی پی او کیپٹن(ر) سید حماد عابد شہریوں کے تشدد سے ہلاک ہونے والے نوجوان اشرف کے گھر پہنچ گئے، سی پی او نے مقتول کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مقتول کے ایصال ثواب کے لئے دعائے خیر کی اور کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ہر صور ت انصاف فراہم کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید