لاہور(آئی این پی)اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی سے استعفے واپس لینے کا مشورہ دیدیا۔
مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی سے استعفوں پر نظرثانی کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ استعفیٰ واپس لے لیں تو بہتر ہے۔
یہ مشورہ انہوں نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران دیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پارلیمنٹ حکومت کیخلاف آواز بلند کرنے کا جمہوری فورم ہے، تحریک انصاف ایوان سے باہر آکر اپنے لیے مزید مشکلات پیدا کریگی، تحریک انصاف کو پارلیمان کے اندر اور باہر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہیے۔
جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپکے مشورے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آگاہ کروں گا، پنجاب میں 20 حلقوں پر ضمنی انتخاب کیلئے چوہدری پرویز الٰہی نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔