اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے لانگ مارچ کے لئے محفوظ راستہ فراہم کرنے سے متعلق دائر کی گئی پی ٹی آئی کی پیشگی درخواست واپس کردی۔ رجسٹرار آفس نے بدھ کے روز پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراضات لگا کر معاملہ رجسٹرار کو بھیج دیا تھا اور رجسٹرار نے جمعرات کو آفس اعتراضات کے ساتھ درخواست واپس کردی۔ آفس اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ درخواست کے پیرا گراف نمبر 4، 5 ,12 اور 14 میں متنازعہ معاملات کو اٹھایا گیا ہے، سپریم کورٹ اس معاملے پر پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے اور جب ایک نکتے پر عدالت فیصلہ سنا دے تو اس کی دوبارہ شنوائی نہیں ہوسکتی۔ مزید اعتراضات کے مطابق درخواست گزار کی جانب سے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا گیا اور درخواست میں متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی وجہ بھی نہیں بتائی گئی ہے۔