اسلام آباد (حنیف خالد) اڑھائی اڑھائی لاکھ ٹن چینی دو مراحل میں برآمد کئے جانے کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے اچانک فیصلے کے نتیجے میں جمعرات 2جون کو پاکستان میں شوگر مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا۔ پنجاب شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکٹو ممبر ماجد ملک کے مطابق جنوبی پنجاب‘ اپر سندھ اور لوئر سندھ میں چینی کے کلوزنگ ایکس ملز ریٹ 80روپے پچاس پیسے فی کلو ہو گئے جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا اور وسطی پنجاب میں چینی کے کلوزنگ ایکس ملز ریٹ 81روپے 75پیسے ریکارڈ کئے گئے۔ چینی کے ایکس ملز ریٹ بڑھنے کے نتیجے میں صارفین کو اگرچہ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی 70روپے کلو قطاروں میں کھڑے ہو کر مل رہی ہے مگر گلی محلے کی دکانوں پر چینی صارفین کو 95روپے سے 100 روپے کلو تک خریدنا پڑ رہی ہے۔ تھوک فروش بھی اب چینی 90روپے کلو فروخت کرنے لگے ہیں۔