• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اویس خان

پیارے بچو! یہ تو آپ جانتے ہیں کہ اللہ تعالٰی نے بنی نوع انسان کو تخلیق کا اعلیٰ ترین شاہکار بنایا ہے، انسان کو میّسر قدرت الٰہی کی انمول نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت کان ہیں، کانوں کے بغیر ہم سن نہیں سکتے یہ آواز کے ارتعاش کو وصول کرکے دماغ کے حس سماعت تک پہنچانے کا کردار ادا کرتے ہیں۔ 

آواز کی لہریں کان کے بیرونی حصہ میں داخل ہو کر پردہ سے ٹکراتی ہیں پھر یہ کان میں وسطی حصے میں موجود ہڈیوں سے باری باری ٹکراتی ہیں۔ اس طرح آواز کی لہریں سماعت کے عضو، گرہ سے ٹکراتی ہوئی دماغ تک پہنچتی ہیں۔ کان کے پردے کو ہمارے لئے آواز کو سمجھنے کے لئے ہائیڈروجن کے جوہر کے قطر سے بھی کم حرکت کرنی پڑتی ہے۔

کان (Ear) آواز کے حسی عضو کے طور پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ توازن اور وضع (posture) برقرار رکھنے میں بھی اہم ترین کردار ادا کرتے ہوئے جسم کو متوازن اور حرکت صحیح حالت میں رکھتے ہیں۔ کان جسم کی 3 سب سے چھوٹی ہڈیوں کا گھر ہے۔ ان ہڈیوں کو ossicles کہا جاتا ہے ، جس کا مطلب ہے چھوٹی ہڈی۔

یہ ہڈیاں کان کے درمیانی حصے میں پردے اور اندرونی کان کے درمیان موجود ہیں اور ان کا کام آواز کے ارتعاش کو ایک سے دوسرے مقام پر منتقل کرنا ہے۔کان کا میل جراثیم اور خشکی سے کانوں کی حفاظت کرتا ہے۔ یاد رکھیں کہ کان کی صفائی کے عمل سے کان کے پردے اور اندرونی حصے کی چھوٹی ہڈیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بچو ! آپ خود سے کاٹن بڈ کا استعمال نہیں کریئے گا یہ کان کے پردے کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔