• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اورنگی ٹاؤن، لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکو شہریوں کے تشدد سے ہلاک

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن میں شہری سے لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکو شہریوں کے تشدد سے ہلاک اور تیسرا زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق اقبال مار کیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ رحمت چوک کے قریب تین ملزمان موٹر سائیکل پر جانے والے تین بھائیوں سے ڈکیتی کر رہے تھے کہ اس دوران شہری کی مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے نوجوان زخمی ہو گیا،نوجوان کے شور مچانے پر علاقہ مکین جمع ہوگئے اور انھوں نے تینوں ملزمان کو پکڑلیا اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور انتہائی سخت جدوجہد کے بعد تینوں ملزمان کو شہریوں کے چنگل سے نکالا ، زخمی نوجوان سمیت تینوں ڈاکوؤں کو طبی امداد کی غرض سے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس کے مطابق زخمی نوجوان 22سالہ تحسین ولد جاوید کو ایک گولی پاؤں اور دوسری کمر میں لگی جبکہ ایک ڈاکو عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج چل بسا، کچھ دیر زیر علاج رہنے کے بعد جناح اسپتال میں بھی ایک ڈاکو دوران علاج دم توڑ گیاجبکہ تیسرا ڈاکو اسپتال میں زیر علاج ہے جس کی حالت بھی تشویشناک ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے ڈاکوؤں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور مسروقہ موٹرسائیکل برآ مد ہوا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید