کراچی( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سندھ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے باہر شہر کی مختلف کو آپریٹو سوسائٹیز پر حکومتی سرپرستی میں قبضوں کے حوالے سے بڑی تعداد میں متاثرین سوسائٹیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور سندھ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی سرپرستی میں سوسائٹیز پر قبضے کیے جا رہے ہیں، جعلی الیکشن کرواکے اور من پسند ایڈمنسٹریٹر لگا کر سوسائٹیز کے معاملات میں مداخلت اور زمینوں کو ہتھیانے کی کوشش کی جارہی ہے، ہزاروں متاثرین کی عمر بھر کی جمع پونجی داؤ پر لگی ہوئی ہے، کراچی کی زمینوں پر قبضوں کے خلاف نیب اور مقتدر قوتوں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کوآپریٹو سوسائٹیز پر قبضے ختم کرواکے اصل مالکان کو ان کی زمینیں دی جائیں، جماعت اسلامی ہزاروں متاثرین کے ساتھ ہے، قبضہ مافیا کے خلاف جدو جہد جاری رہے گی۔