کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کے لئے قائم سرچ کمیٹی کو اپنا کام جاری رکھنے کا حکم دیدیا ہے جبکہ سرچ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے میں دیئے گئے ریمارکس سے متاثر ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ حکومت سندھ اور کراچی یونیورسٹی کے سابقہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر خالد عراقی نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی نے آئین برائے سرچ کمیٹی کا قانون بنایا اس ایکٹ کے تحت ہی سرچ کمیٹی قائم کی تھی لہذا مذکورہ ایکٹ کے تحت ہی سرچ کمیٹی کو کام کرنے کی اجازت دی جائے۔سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ 25 مارچ 2022 کو جو سرچ کمیٹی بنائی گئی وہ آئندہ سماعت تک اپنا کام جاری رکھے اور آئندہ سماعت تک ہم ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر رہے ہیں۔