لاہور(خصوصی رپورٹر)قابل تجدید توانائی کے شعبے میں چین کی زبردست استعداد سے پاکستان کا توانائی کا شعبہ بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔توانائی اور ترقیاتی شعبے کے ماہرین کی جانب سے یہ رائے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام’سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبے اور ماحول دوست رہنما اصول ‘ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ برائے استعداد سازی کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پیش کی۔ توانائی کے ماہرشاہجہاں مرزا نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان میں اس وقت 400 میگا واٹ کے قریب بجلی گھریلو سطح پر شمسی توانائی سے حاصل کی جا رہی ہے۔خیبر پختونخوابورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سربراہ ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے کہا کہ سی پیک کی بدولت پاکستان کی معاشتی ترقی تیز کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ڈاکٹر وقار احمد،فیوڈن یونیورسٹی چین کے ڈاکٹر کرسٹوف وانگ، ڈاکٹر حنا اسلم،ناجیہ عبید ،ڈاکٹر ساجد امین نے بھی خطاب کیا۔